کوہلی اورسلیکٹرز دھونی کے مستقبل کا فیصلہ کریں:گنگولی

   

نئی دہلی۔17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو کنگولی نے کہا ہے کہ ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرس اورکپتان ویراٹ کوہلی کو اب مہندر سنگھ دھونی کے مستقبل پر فیصلہ کرنا چاہئے ۔حال ہی میں سوشل ویب سائٹ پر کوہلی کے ایک پوسٹ کی وجہ سے دھونی کی سبکدوشی کے پیش نظر پھر بحث ہونے لگی تھی حالانکہ سابق کپتان دھونی نے اب تک اپنی سبکدوشی پر کوئی وضاحت نہیں کی ہے ۔ امید تھی کہ دھونی اس سال انگلینڈ میں ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے کنارہ کش ہوجائیں گے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا جس کے بعد کئی سابق کرکٹروں کا یہ بھی خیال ہے کہ دھونی کو اب اپنے مستقبل پر کوئی فیصلہ لینا چاہئے ۔ سابق کپتان گنگولی نے کہا مجھے نہیں معلوم کہ سلیکٹرز کیا سوچ رہے ہیں اور کپتان کوہلی کا کیا سوچنا ہے لیکن یہ سبھی اہم لوگ ہیں اور انہیں دھونی کے مستقبل کے بارے میں کچھ سوچنا چاہئے ۔ 38 سالہ دھونی فی الحال ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نہیں ہیں ۔دھونی نے ورلڈ کپ کے بعد ویسٹ انڈیز کے پہلے دورے سے خود کو دورکرلیا تھا اور فوج کی ایک ماہ کی ٹریننگ پر چلے گئے تھے لیکن موجودہ گھریلو افریقی سیریز کے لئے بھی محدود اوور کی ٹیم میں دھونی کو جگہ نہیں ملی ہے ۔گنگولی نے اسی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کو فتح کا حقدار بتاتے ہوئے کہا ہندستان اپنے میدان پر ہمیشہ چیلنجنگ ٹیم رہی ہے۔