کوہلی کی 39 ویں سنچری ، ہندوستان دوسرے ونڈے میں کامیاب

   

اڈیلیڈ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ویراٹ کوہلی کی ایک اور شاندار سنچری، وکٹ کیپرس کی جوڑی مہیندر سنگھ دھونی اور دنیش کارتک کے ذمہ دارانہ مظاہرہ کی بدولت ہندوستان نے یہاں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں میزبان آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں واپسی کی ہے۔مین آف دی میچ ویراٹ کوہلی نے 112 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن جس وقت وہ آؤٹ ہوئے ، اس وقت ہندوستانی ٹیم کا 44 ویں اوور میں 242 رنز تھا اور مقابلہ کسی بھی ٹیم کے حق میں ہوسکتا تھا۔ اس دوران دنیش کارتک 14 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 25 اور مہیندر سنگھ دھونی نے 54 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 55 رنز اسکور کرتے ہوئے مقابلہ کو اپنی ٹیم کے حق میں کیا۔ آسٹریلیا کیلئے کوئی بھی بولر متاثرکن بولنگ نہ کرسکا جبکہ رچرڈسن ، بہرین ڈوف ، اسٹونس اور میکسویل فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرسکے۔ ٹیم کے سینئر بولر پیٹر سیڈل 8 اوورس میں 58 رنز دیئے جبکہ نیتھن لیوان نے 10 اوورس میں 59 رنز دینے کے باوجود وکٹ حاصل نہ کرپائے۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے علاوہ شان مارش کے ونڈے کیریئر میں 7 ویں سنچری کی بدولت ہندوستان کو کامیابی کیلئے 299 رنز کا نشانہ دیا۔ شان مارش جس وقت بیٹنگ کیلئے کریز پر پہونچے، اس وقت آسٹریلیائی ٹیم 26 رنز کے مجموعی اسکور پر اپنے دو وکٹس گنوا کر مشکل صورتحال سے پریشان تھی لیکن انہوں نے 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 300 رنز تک پہونچانے میں اہم رول ادا کیا۔ مارش نے 123 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ ٹیم کے جارحانہ آل راؤنڈر گلین میکسویل کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلئے 65 گیندوں میں 94 رنز کی پارٹنرشپ بھی نبھائی۔ اس پارٹنرشپ کی خوبی یہ تھی کہ ایک جانب موقع بہ موقع شان مارش رنز بنا رہے تھے تو دوسری جانب میکسویل نے تیز رفتار بیٹنگ کی جیسا کہ انہوں نے 37 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز اسکور کئے۔ ایک موقع پر جب یہ دونوں بیٹسمین بیٹنگ کررہے تھے تو ایسا محسوس ہورہا تھا کہ آسٹریلیائی ٹیم آسانی کے ساتھ 300 رنز کا نشانہ عبور کرلے گی لیکن ہندوستان کے مقابلے میں کامیاب بولر بھونیشور کمار نے 48 ویں اوور کی تیسری گیند پر میکسویل کو اور پھر پانچویں گیند پر شان مارش کو آؤٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو اہم موقع پر دو بڑے جھٹکے دیئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں عثمان خواجہ (21)، ہینڈس کامب (20) ، اسٹونس (29) نے شروعات تو کی لیکن ان میں کوئی بھی بیٹسمین بڑی اننگز کھیل نہیں پایا۔ جب کہ اسپنر نیتھن لائن نے بھونیشور کمار کے آخری اوور میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگاتے ہوئے اسکور میں اہم اضافہ کیا۔ ہندوستان کیلئے اپنے کیریئر کا پہلا مقابلہ کھیلنے والے حیدرآبادی فاسٹ بولر انتہائی ناقص مظاہرہ کے ذریعہ منفی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، جیسا کہ انہوں نے 10 اوورس میں 76 رنز دینے کے باوجود وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔ کمار نے 10 اوورس میں 45 رنز کے عوض 4 اور محمد سمیع 58 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کلدیپ یادو نے 10 اوورس میں 66 رنز دیئے اور انہیں وکٹ نہیں ملی جبکہ رویندر جڈیجہ 10 اوورس میں 49 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔