روٹ تیسرے مقام پر
پہنچ گئے ، کوہلی کو نقصان
چینائی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی پر ان دنوں قسمت کی دیوی مہربان نہیں ہے اور ان کی قیادت میں ہندوستان کو لگاتار چوتھی مرتبہ ٹسٹ مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے حالانکہ چینائی ٹسٹ سے قبل آسٹریلیا کے دورہ پر اجنکیا رہانے کی قیادت میں یہی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی تھی لیکن وطن واپسی پر پہلے ہی ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کو ہزیمت برداشت کرنی پڑی اور اس سے قبل آسٹریلیا کے دورہ پر ڈے نائیٹ ٹسٹ میں جہاں کوہلی ٹیم کی قیادت کررہے تھے اس مقابلے میں ہندوستان کو اپنی ٹسٹ تاریخ میں اقل ترین اسکور 36 رنز پر ڈھیر ہونے کی بھی ہزیمت برداشت کرنی پڑی تھی ۔ان حالات کے بعد اب ہندوستانی کرکٹ شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر کوہلی کو قیادت چھوڑنے کے پیغامات دئے جارہے ہیں۔کوہلی نے چینائی میں انگلینڈ سے پہلے ٹسٹ کے آخری دن 72 رنز بنائے لیکن ٹیم کو 227 رنز کی ناکامی سے نہ بچا سکے، بین اسٹوکس نے انھیں بولڈ کیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ 3 برس میں پہلا موقع ہے جب کوہلی بولڈ ہوئے کیونکہ آخری مرتبہ جنوری 2018 میں انھوں نے اس انداز میں وکٹ گنوائی تھی۔دوسری جانب انگلینڈ نے ایشیا میں لگاتار چھٹی ٹسٹ کامیابی حاصل کی۔ان حالات میں شائقین کرکٹ کی نظروں سے ویراٹ کوہلی بھی اترنے لگے۔ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں شکست پر انھیں قیادت سے ہٹاکر ذمہ داری اجنکیا رہانے کو دینے کا مطالبہ کیا جانے لگا۔ حال ہی میں رہانے کی قیادت میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں ٹسٹ سیریز اپنے نام کی تھی جبکہ کوہلی کو بطورکپتان مسلسل چوتھے ٹسٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔کچھ عرصہ قبل تک کوہلی ہندوستانی شائقین کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے تھے لیکن چند ناکامیوں اور رہانے کی قیادت میں ناقابل یقین فتوحات کی وجہ سے وہ ولن بن چکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر انھیں فوری طور پر کپتانی سے ہٹانے اور راہانے کو قیادت سونپنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ چند شائقین نے روہت شرما کو قیادت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
دبئی ۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ کھلاڑیوں کی درجہ بندی کے مطابق انگلینڈ کے کپتان جوروٹ دو درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا پہلا اور آسڑیلیا کے اسٹیو اسمتھ کا دوسرا نمبر ہے۔آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے مارنس لبوشین چوتھے اور ہندوستان کے ویراٹ کوہلی پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ ٹسٹ پلیئرز کی درجہ بندی میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔اسی طرح انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ بولروں کی درجہ بندی کے مطابق پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی 21 درجے بہتری کے بعد 32 ویں نمبر پر آ گئے ۔دیگر بولروں میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا اور انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ کا دوسرا نمبر برقرار ہے۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن جنہوں نے ہندوستان کیخلاف چینائی کے پہلے ٹسٹ میں شاندار بولنگ کی اور خاص کر آخری دن کے پہلے سیشن میں انہوں نے تین اہم وکٹیں جاصل کی اور ان شاندار مظاہروں کا صلہ انہیں درجہ بندی میں ملا ہے اور وہ تین درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔