کویتا کو 7 دن کیلئے ای ڈی کی تحویل میں دے دیا گیا

   

کویتا کے شوہر انیل کو بھی نوٹس ، پوچھ تاچھ کے لیے پیر کو حاضر ہونے کی ہدایت

حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : دہلی شراب اسکام میں راوس ایونیو عدالت نے بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کو 7 دن کے لیے ای ڈی کی ریمانڈ میں دے دیا تاہم انہیں ریمانڈ کے دوران وکلا اور ارکان خاندان سے ملاقات کرنے اور گھر کا کھانا کھانے کی اجازت دے دی ہے ۔ کل حیدرآباد میں کویتا کو گرفتار کرنے والے ای ڈی کے عہدیداروں نے رات میں انہیں دہلی منتقل کیا ۔ رات میں اور صبح میں کویتا کا طبی ٹسٹ کیا گیا جس کے بعد راوس ایونیو عدالت میں پیش کیا ۔ کویتا کے وکلاء نے کویتا کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا جس کو عدالت نے مسترد کردیا ۔ 23 مارچ کو دوپہر 12 بجے دوبارہ کورٹ میں پیش کرنے کی ای ڈی کو ہدایت دی ۔ دہلی شراب اسکام میں کویتا کی گرفتاری اور ای ڈی کو 7 دن کی تحویل میں دینے کی اطلاع ملنے کے بعد ان کے والد بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر اپنی قیام گاہ سے فارم ہاوز کو منتقل ہوگئے ۔ واضح رہے کہ کویتا کی گرفتاری پر انہوں نے ابھی تک کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے دہلی شراب اسکام میں مزید پیشرفت کرتے ہوئے کویتا کے شوہر انیل ، کویتا کے پی آر او راجیش کے علاوہ دوسرے تین افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں پیر کو پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی ۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے ان پانچ لوگوں کے پہلے سیل فونس کو ضبط کرلیا ہے ۔ کویتا کی کسٹیڈی رپورٹ میں اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں ۔ دہلی شراب اسکام میں کویتا کو اہم ملزمہ تصور کیا جارہا ہے ۔ ساوتھ لابی کے نام سے شراب اسکام میں اہم رول نبھانے کا کویتا پر الزام ہے ۔ رشوت کے طور پر کویتا نے عام آدمی پارٹی کو 100 کروڑ روپئے دیا ہے ۔ رامچندرا پلئی کویتا کا بے نامی ہے ۔ پلئی کے ذریعہ کویتا نے سارا کھیل کھیلا ہے ۔ ماگنٹی سرینواس ریڈی کے ذریعہ سازش تیار کرتے ہوئے کویتا نے 30 کروڑ روپئے دہلی منتقل کیا اس کے علاوہ رپورٹ میں مزید کئی انکشافات ہوئے ہیں ۔۔ 2