بی جے پی کا دہلی شراب اسکام کے خلاف دین دیال مارگ پر جوابی احتجاجی دھرنا
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا آج دہلی کے جنتر منتر پر خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اہتمام کررہی ہے ۔ دوسری جانب بی جے پی بھی اسی دن یعنی 10 مارچ کو دین دیال مارگ پر دہلی شراب اسکام کے خلاف احتجاجی دھرنا منظم کررہی ہے جس سے دہلی میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہونچ چکی ہیں ۔ کویتا نے ایک روزہ بھوک ہڑتال کے لیے ہفتہ 10 دن قبل دہلی پولیس سے اجازت طلب کی تھی ۔ بی جے پی بھی جوابی احتجاج کے لیے جنتر منتر کا انتخاب کیا تھا ۔ دہلی پولیس نے لمحہ آخر میں کویتا کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنا احتجاجی مقام تبدیل کرلیں تاہم کویتا نے اس سے اتفاق نہیں کیا ۔ دہلی پولیس نے بالآخر کویتا کو جنتر منتر پر احتجاج کرنے کی اجازت دے دی اور بی جے پی کے احتجاج کا مقام تبدیل کرتے ہوئے انہیں دین دیال مارگ کے پاس موجود آندھرا اسکول کے پاس احتجاج کرنے کی اجازت دے دی ۔ کویتا 10 مارچ کو جنترمنتر پر اپنی ایک روہ بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گی ۔ افتتاحی پروگرام میں سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام ایچوری شرکت کریں گے جب کہ شام میں اختتامی پروگرام میں سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ شرکت کریں گے ۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ ، سینئیر ایڈوکیٹ رکن راجیہ سبھا کپل سبل کے علاوہ 18 سیاسی جماعتوں کے قائدین ملک کے مختلف ریاستوں کے خواتین تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے ۔ بی جے پی کے احتجاجی پروگرام میں سینئیر قائدین کے علاوہ تلنگانہ بی جے پی کے قائدین بھی شرکت کریں گے ۔۔ ن