کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ اتوار سے مکمل گنجائش کے ساتھ کام کرے گا

,

   

کویت سٹی: کویت نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے افراد کیلیے کورونا ایس او پیز کے تحت عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا کے حوالے سے بتایا کہ کویت کے وزیر اعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے اتوار سے کانفرنسوں، سماجی اجتماعات اور شادی کی تقریبات میں شرکت کر سکیں گے۔عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم بند مقامات پر سماجی فاصلے کی پابندی کرنا ہو گی۔ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کو کویت کے ویزے جاری کیے جائیں گے۔ کویت انٹرنیشنل ایئر پورٹ اتوار 24 اکتوبر سے مکمل گنجائش کے ساتھ کام کرنے لگے گا۔ جمعہ سے مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کی جا رہی ہے۔قبل ازیں کویتی اخبار ’الرائی ‘ نے بتایا تھا کہ کویتی کابینہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے قائم ہنگامی کمیٹی نے سفارشات پیش کی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ کویت کے تمام داخلی اور بین الاقوامی ایئرپورٹس کو پروازوں کی آمد ورفت کیلیے کھول دیا جائے اورتمام ممالک کے لیے ویزوں کا اجرا بھی بحال کیاجائے۔