2000 اسٹالس کو منظوری،ٹکٹ کی شرح 50 روپئے، نمائش میں ڈبل ڈیکر بس سرویس، سینئر سٹیزنس کیلئے وہیل چیئرس، نمائش سوسائٹی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) 84 ویں کُل ہند صنعتی نمائش کا 3 جنوری کو آغاز ہوگا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نمائش کا افتتاح کریں گے۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دیہانت پر تلنگانہ میں 7 دن کا سوگ منایا جارہا ہے جو 2 جنوری کو ختم ہوگا۔ نمائش سوسائٹی نے ایام سوگ کے اختتام کے بعد نمائش کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے تاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی افتتاحی تقریب میں شرکت کرسکیں۔ نمائش سوسائٹی کے اعزازی سکریٹری بی سریندر ریڈی اور کنوینر ڈی سریش کمار نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں کو صنعتی نمائش کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال نمائش میں اسٹالس کے قیام کیلئے غیر معمولی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں تاہم گنجائش کے اعتبار سے2000 اسٹالس کی منظوری دی گئی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے مختلف محکمہ جات کے علاوہ عوامی شعبہ کے ادارے، کارپوریٹ اور ملٹی نیشنل کمپنیاں اور مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تاجرین نے اسٹالس کے قیام کیلئے درخواست دی ہے۔ نمائش کے دوران عوام کے ہجوم سے نمٹنے کیلئے حیدرآباد میٹرو ریل نے زائد ٹرین سرویس اور مسافت و اوقات میں اضافہ سے اتفاق کیا ہے۔ میٹرو ٹرین ٹکٹ کی خریدی کیلئے نمائش میدان میں خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ نمائش کے دوران آر ٹی سی کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات کیلئے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ سریندر ریڈی نے بتایا کہ اس مرتبہ نمائش کے احاطہ میں ٹرین سرویس کے علاوہ ڈبل بس کی خدمات نمائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام ڈبل بس میں سفر کرتے ہوئے نمائش کا مشاہدہ کرسکیں۔ ٹرین کیلئے کرایہ 30 روپئے ہے جبکہ ڈبل بس کا کرایہ 40 روپئے رہے گا۔ سریندر ریڈی نے بتایا کہ نمائش کے اوقات عام دنوں میں 10:30 بجے شب تک رہیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو 11 بجے شب تک نمائش جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے ٹکٹ کی شرح کو 40 روپئے سے بڑھا کر 50 روپئے کردیا گیا ہے۔ یہ اضافہ تقریباً پانچ سال بعد کیا گیا۔ ٹکٹ کی آن لائن خریدی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق کی طرح پارکنگ کی سہولت حاصل رہے گی اور کمشنر پولیس سے اپیل کی گئی ہے کہ عوام کو سڑک عبور کرنے کیلئے سہولت فراہم کی جائے۔ گذشتہ سال عوام کو میٹرو اسٹیشن سے گذر کر سڑک عبور کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے کہاکہ سینئر سٹیزنس کیلئے نمائش سوسائٹی آفس میں وہیل چیئرس کا انتظام کیا گیا ہے جو کرایہ پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور ان کے افراد خاندان کیلئے شناختی کارڈز کی بنیاد پر داخلہ رہے گا۔ ٹی ہب سے اشتراک کے ذریعہ کئی صنعت کاروں کو علحدہ گوشہ میں اسٹالس الاٹ کئے گئے ہیں۔ سریندر ریڈی کے مطابق نمائش کلب کے روبرو علاقہ کو ٹائمس اسکوائر کا نام دیا جارہا ہے جہاں ایل ای ڈی اسکرین پر اشتہارات اور عوام کی جانب سے روانہ کردہ سالگرہ اور میریج اینورسری کے ویڈیوز دکھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیوز کیلئے پبلسٹی کنوینر سے ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔ یشودھا ہاسپٹل کے اشتراک سے ہر سال کی طرح اس سال بھی میڈیکل سنٹر قائم کیا جائے گا۔ ڈرون کیمروں کے ذریعہ نمائش پر نظر رکھنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کیلئے داخلہ مفت رہے گا۔ نمائش سوسائٹی کی جانب سے مختلف تعلیمی ادارے چلائے جاتے ہیں جو حیدرآباد اور اضلاع میں واقع ہیں۔20 تعلیمی ادارے نمائش سوسائٹی کے مالی تعاون سے چلائے جارہے ہیں۔1