کٹھوعہ عصمت دری و قتل کیس : ملزم کی سزا کی معطلی افسوس ناک:محبوبہ

   

سری نگر۔ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کٹھوعہ عصمت دری و قتل کیس کے ایک ملزم کو پنجاب ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت منظور ہونے اس کی بقیہ سزا معطل کرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں انصاف کا نظام زمین بوس ہوگیا ہے ۔ بتادیں کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اور ہریانہ کے ہائی کورٹ نے کٹھوعہ عصمت دری اور قتل کیس کے ایک ملزم آنند دتا کی ضمانت منظور کی ہے اور اس کی بقیہ جیل کی سزا معطل کی ہے ۔ آنند دتا جو اس وقت متعلقہ پولیس اسٹیشن میں ایس یچ او کی حیثیت سے تعینات تھا پرم شواہد کو تباہ کرنے کا الزام تھا۔محبوبہ مفتی نے اس پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ہفتہ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا میں اس بات پر بہت ہی پریشان ہوں کہ کٹھوعہ عصمت دری اور قتل کیس میں ثبوتوں کو تباہ کرنے کے جرم میں سزا یافتہ ایک پولیس افسر کی ضمانت منظور کی گئی اور اس کی جیل کی سزا معطل کی گئی۔ انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا جب ایک بچی کی عصمت دری و قتل کے بعد اس کو انصاف سے محروم رکھا جاتا ہے تو اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ انصاف کا نظام زمین بوس ہوگیا ہے ۔