کٹھوعہ میں ایس پی او انتخاب پر احتجاجی مظاہرہ

   

جموں،2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں چہارشنبہ کے روز سلیکشن فہرست مشتہر کرنے کے حق میں سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) امیدوار نے احتجاجی مظاہرہ کیا. سینکڑوں کی تعداد ایس پی او امیدواروں نے کٹھوعہ میں واقع شہید بھگت سنگھ پارک میں احتجاجی مظاہرے کر کے نعرے بازی کی. احتجاجی امیدواروں کا کہنا ہے کہ ضلع کٹھوعہ کے علاوہ ریاست کے سبھی اضلاع میں ایس پی او کی سلیکشن فہرستیں مشتہر ہو چکی ہے لیکن دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ضلع کٹھوعہ کی سلیکشن فہرست مشتہر نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں. ایک ایس پی او امیدوار سرجیت سنگھ نے بتایا کہ سرکار تو نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بلند بانگ دعوے ضرور کرتی ہے لیکن نوجوان کے لیے زمینی سطح پر کچھ نہیں کیا جاتا ہے ، 2016 میں ضلع کٹھوعہ کے لیے ایس پی او کی 100 آسامیوں کے لیے ایڈورٹائزمنٹ نکالی گئی تھی جس کے لیے 10 ہزار نوجوان نے فارم بھرے جن میں سے 1600 امیدواروں نے کوالیفائی تھا لیکن دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود سلیکشن فہرست نہیں نکالی گئی جس کی وجہ سے آج ہم سڑکوں پر اترنے مجبور ہو گئے ۔
احتجاجی امیدواروں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس پی او کی سلیکشن فہرست جلد از جلد مشتہر کی جائے .