کٹے ہونٹ اور تالو والے بچوں کا مفت علاج : افتخار حسین

   

فیض عام ٹرسٹ ۔ سیاست کے زیر اہتمام عنقریب کیمپ ، آکار ۔ آشا سنٹر سے شراکت
مفت پلاسٹک سرجری کا بھی انتظام

حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : آج کے دور میں اگر کوئی حادثہ کا شکار ہوجائے جھلس جائے یا پھر پیدائشی طور پر جن بچوں میں مختلف نقائص پائے جائیں تو ان کا علاج بہت مشکل ہوجاتا ہے ۔ غریب تو مہنگائی کے اس دور میں علاج و آپریشنس کروانے سے بھی قاصر ہیں ۔ ایسے میں آکار ۔ آشا نامی ہاسپٹل ضرورت مند مریضوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے جہاں غریبوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔ چنانچہ عنقریب سیاست ۔ فیض عام ٹرسٹ ، آکار ۔ آشا چیارٹیبل سنٹر فار ری کنسٹرکٹیو پلاسٹک سرجری کے تعاون و اشتراک سے پرانا شہر میں ایک کیمپ کا اہتمام کریں گے جس سے پیدائشی نقص کا شکار نومولود بچے بچیوں کا خاص طور پر مفت علاج کروانے میں مدد حاصل ہوگی ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے اپنی ٹیم کے ساتھ مذکورہ مرکز کا دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کی ۔ اس دورہ میں ویسے تو بے شمار مریضوں سے ملاقات ہوئی لیکن بندلہ گوڑہ کے رہنے والے 8 ویں جماعت کے ایک طالب علم سے ملاقات ہوئی جو پیشاب کرنے سے قاصر تھا ۔ پیشاب دوسرے راستے سے خارج ہورہا تھا ۔ پہلا آپریشن ناکام ہوا اس پر مصارف بھی بہت آئے تھے لیکن آکار ۔ آشا میں اس کا مفت آپریشن کیا گیا ہے ۔ اس کے چہرہ کی مسکراہٹ اور آنکھوں میں چمک دیکھ کر یہ احساس ہورہا تھا کہ یہ لڑکا صحیح مقام پر پہنچا ہے ۔ یہ مرکز دراصل این سوین میموریل ٹرسٹ کا ایک یونٹ ہے ۔ اس موقع پر اس مرکز کے ڈائرکٹر ڈاکٹر بھارتندو سوین کو جناب افتخار حسین نے کپڑا بنک کی طرف سے 60 بلانکٹس بھی پیش کئے اور کہا کہ وہ اس مرکز کی خدمات سے کافی متاثر ہوئے جہاں مریضوں کے ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے رہنے اور کھانے کا مفت انتظام کیا گیا ہے ۔ علاج بھی مفت کیا جاتا ہے اور ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں اس مرکز میں خاص طور پر ان بچوں کا مفت علاج اور آپریشن کیا جاتا ہے جو کٹی ہوئی تالو اور پھٹے ہوئے ہونٹ کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں ۔ اسے Cleft Lip and Cleft Palate کہا جاتا ہے ۔۔