کھلنے پر ہاسپٹل بند ہوجانے پر کنٹینر ،ناگابا میلے میں جنوبی ہند کا پہلا تجرباتی موبائل ہاسپٹل

   

حیدرآباد۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے چار پہیوں کی گاڑی (کنٹینر) میں دواخانہ کی سہولیات دستیاب ہورہی ہیں۔ اس کنٹینر کو ہائیڈرولک سسٹم کے ذریعہ کھولا جائے تو یہ ملٹی اسپیشالٹی ڈائیگناسٹک موبائل ہاسپٹل بن جائے گا۔ ضلع عادل آباد کے اندراولی منڈل کے کیسلا پور میں واقع ناگابا جاترا کا آج آغاز ہورہا ہے۔ یہ موبائیل ہاسپٹل میلے میں آنے والے عقیدت مندوں کیلئے دستیاب رہے گا۔ محکمہ صحت کی جانب سے اس کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے۔ دیکھنے میں یہ ہاسپٹل کنٹینر کی طرح دکھائی دے گا۔ ہائیڈرولک سسٹم سے کھولنے پر یہ جدید تقاضوں سے لیس ہاسپٹل میں تبدیل ہوجائے گا۔ مریضوں کا علاج ، خواتین کی ڈیلیوریز اور مختلف اقسام کے علاج کیلئے علیحدہ علیحدہ کشادہ رومس دستیاب رہیں گے۔ خون کے نمونوں کا ٹسٹ، پیشاب کا ٹسٹ، ایکسرے اور ای سی جی کی سہولت بھی رہے گی۔ یہ دواخانہ جنوبی ہندوستان کا پہلا تجرباتی دواخانہ ہونے کیلئے شہرت رکھتا ہے۔ یہ موبائیل ہاسپٹل جس کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپئے ہے، کو حیدرآباد میں بھارت الیکٹریکل لمیٹیڈ (BEL) نے ڈیزائن کیا ہے۔ ایک سال قبل اُس وقت کے آئی ٹی ڈی اے پی او منوہر ریڈی کی پہل سے اس کو اوٹنور کے آئی ٹی ڈی اے کو تحفہ میں دیا گیا تھا۔ ایجنسی میں ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر منوہر نے بتایا کہ اس موبائل ہاسپٹل کی خدمات ناگابا میلے کے دوران ایک ہفتہ تک کیلئے دستیاب رہے گی۔ اس کنٹینر کو ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کی نگرانی چرلہ پلی کے اپارن ادارہ کرے گا۔ میلے کے اختتام کے بعد اس کو بند کرکے واپس لے جایا جائے گا۔ 2