حیدرآباد 2 مئی (یواین آئی) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی ورنگل۔ کھمم۔نلگنڈہ ایم ایل سی نشست کے ضمنی انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے جس کے ساتھ ہی پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ پرچہ نامزدگی اس ماہ کی 9 تاریخ تک قبول کیے جائیں گے ۔ مرکزی الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا ۔ پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 13 مئی مقرر کی گئی ہے ۔ پولنگ 27 م ئی کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 5 جون کو ہوگی۔گزشتہ انتخابات میں ایم ایل سی کے طور پرکامیاب پلاراجیشور ریڈی اسمبلی انتخابات میں جنگاوں ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے جس پر انہوں نے کونسل کی نشست سے استعفی دے دیا تھا۔ اس استعفی کے سبب اس حلقہ کا ضمنی انتخاب لازمی ہوگیا تھا۔ اس دوران اس حلقہ میں 4,61,806 گریجویٹس نے بطور ووٹر رجسٹریشن کرایا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے اس ضمنی انتخاب کیلئے نلگنڈہ ضلع کلکٹر کوالیکشن آفیسر مقرر کیا ہے ۔ امیدواروں کو نلگنڈہ کلکٹریٹ میں پرچہ نامزدگی داخل کرنا ہوگا۔