کھمم کے قلعہ میں جعفر باولی پر کشش سیاحتی مقام بن گئی

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کھمم میں پہاڑی پر موجود قلعہ کے اندر تاریخی جعفر باولی (Step well) اس ضلع میں سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام بن گئی ہے کیوں کہ لوگ بڑی تعداد میں اس باولی پر پہنچ کر ان کے شادی سے قبل فوٹوز لے رہے ہیں اور اس مقام پر اس طرح کی دوسری سرگرمیاں ہورہی ہیں ۔ یہ باولی ایک اچھا سیاحتی مرکز بن گئی ہے ۔ سیڑھیوں والی اس باولی کو خوبصورت اور پرکشش بنانے کے سلسلہ میں اس کی دیواروں کو پینٹ کیا گیا ہے اور لائیٹس فراہم کئے گئے ہیں یہ باولی کھمم میں ایک اہم مقام بن گئی ہے ۔ کھمم میں پہاڑی پر موجود قلعہ کی تعمیر ایک چار مربع کلومیٹر رقبہ پر کی گئی تھی ۔ جب جعفر الدولہ تعلقہ دار بنے تو انہوں نے اس قلعہ پر ایک محل تعمیر کیا ۔ یہ سیڑھیوں والی باولی قلعہ کے جنوبی سمت میں بنائی گئی جہاں قلعہ پر ہونے والی بارش کا پانی جمع ہوتا ہے ۔ اس باولی کی لمبائی 60 فیٹ ، چوڑائی 60 فیٹ ہے اور یہ 70 فیٹ گہری ہے ۔ قطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں نے جنہیں بعد میں اقتدار حاصل ہوا ، اس باولی کی دیواروں کی بلندی میں اضافہ کیا اور اسے مضبوط بنایا ۔ مقامی طور پر اس باولی کو جعفر باولی کہا جاتا ہے ۔ اس قدیم اور تاریخی باولی کو برسوں نظر انداز کیا گیا اور اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ مقامی لوگوں نے اس میں کچہرا ڈالنا شروع کیا ۔ کئی برسوں تک کسی نے بھی اس کی حالت کو بہتر بناتے ہوئے اس باولی کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے پر توجہ نہیں دی ۔ اس بات کو محسوس کرتے ہوئے کہ تاریخی جعفر باولی شہر میں تیزی کے ساتھ اس کی شناخت کھو رہی ہے ۔ کھمم میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں کی مدد سے اس باولی کو اس کی حالت میں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اور اس کے لیے 60 لاکھ روپئے مختص کئے ۔ حیدرآباد میں رین واٹر پراجکٹ کے عہدیداروں نے بھی اس باولی کے مرمتی کام اور تزئین نو میں حصہ لیا ۔ اس باولی کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے مرمتی کام گذشتہ سال اپریل میں شروع کئے گئے تھے ۔ عہدیداروں نے اس باولی سے آلودہ پانی کو نکالنے کے لیے 23 دن تک دو 7HP موٹرس کا استعمال کیا ۔ کے ایم سی نے اس باولی کے کاموں کے لیے خصوصی طور پر 24 ورکرس کو متعین کیا ۔ انہوں نے 90 دن تک کام کیا اور 2.12 لاکھ مکعب میٹر کچہرے کو نکال کر اس باولی کو اس کی اصل حالت میں لایا ۔ اس کے بعد اس کی دیواروں کو پینٹ کیا گیا اور لائٹس فراہم کئے گئے ۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر وی پی گوتم ، مئیر پی نیراجہ ، میونسپل کمشنر آدرش سرابھی نے حال میں اس کا افتتاح کیا ۔ اس کے ساتھ ہی یہ تاریخی باولی ایک پرکشش سیاحتی مرکز بن گئی ۔۔