کھیل کے دوران حادثات ، دو کمسن بچوں کی موت

   

حیدرآباد /13 نومبر ( سیاست نیوز ) اسکول کی چھٹی کے دوران کھیل میں مشغولیت دو کمسن بچوں کی موت کا سبب بن گئی ۔ حیات نگر اور مارکٹ پولیس حدود میں یہ واقعات پیش آئے ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 10 سالہ تروپ جو راجیو گروہا کلپا حیات نگر علاقہ کے ساکن ایودھیا کا بیٹا کل اسکول کی چھٹی کے سبب اپنے مکان کے قریب سائیکل کے ذریعہ کھیل میں مشغول تھا کہ اس دوران ایک ٹپر نے اس لڑکے کو روند دیا ۔ مارکٹ پولیس کے مطابق 10 سالہ لڑکا اومکر جو سکندرآباد مارکٹ علاقہ کے ساکن شخص اوما کانت کا بیٹا تھا ۔ یہ لڑکا بھی اسکول کی چھٹی کے سبب مکان کے بالائی حصہ میں پتنگ بازی میں مشغول تھا کہ بلندی سے مشتبہ طور پر گرکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔