کیاب ڈرائیورس کا سواری کی خدمت کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان

   

شرح میں یکسانیت پر زور ، خانگی گاڑیوں پر پابندی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ گگ اینڈ پلاٹ فارم ورکرس یونین ( ٹی جی پی ڈبلیو یو ) کی زیر قیادت اوبیر کے لیے کام کرنے والے حیدرآباد کیاب ڈرائیورس نے سواری کی خدمت کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ مہم ایپ کی بنیاد پر خدمات کو غیر اطمینان بخش قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی غیر شفاف شرح پالیسی سے ان کی آمدنی میں تخفیف ہورہی ہے ۔ حیدرآباد کیاب ڈرائیورس نے اپنے دو مطالبات کے تحت اوبیر پر زور دیا کہ وہ شرح میں یکسانیت اور پالیسیوں میں شفافیت پیدا کی جائے گی تاکہ ان کی آمدنی پر منفی اثر نہ پڑے ۔ اس کے علاوہ ڈرائیورس نے خانگی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس میں بالخصوص دو اور چار پہیوں والی گاڑیاں جو کہ وائیٹ نمبر پلیٹس پر مشتمل ہوتی ہیں ان پر فوری پابندی عائد کی جائیں کیوں کہ یہ ٹیکسی بغیر کسی کمرشیل رجسٹریشن کے گاڑیوں کو چلا رہے ہیں ۔ ٹی جی پی ڈبلیو یو نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں مداخلت کرتے ہوئے مناسب رہنمایانہ ہدایت جاری کریں ۔ اسی دوران اوبیر نے حیدرآباد کے کیاب ڈرائیورس کو ملازمتوں کے مواقعوں میں اضافہ کے مقصد سے دو نئی خدمات شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔۔