کیا راہول منی شنکر ایر کے بیان سے متفق ہیں؟راجناتھ

   

نئی دہلی’ 14مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کانگریس کے سینئر رہنما منی شنکر ایر کے وزیر اعظم نریندر مودی پر دوبارہ کئے گئے نازیبا تبصرہ پر کانگریس صدرراہول گاندھی سے سوال کیا کہ کیا وہ اس مرتبہ مسٹر ایئر کے خیالات سے متفق ہیں۔راجناتھ سنگھ نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں مسٹر ایئرکے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ مسٹر ایر نے گجرات اسمبلی الیکشن کے دوران بھی وزیر اعظم مودی کو نیچ کہا تھا جس کے بعد مسٹر ایر کو پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا۔ بعد میں ان کی کانگریس میں بحالی ہوگئی تھی۔ اب پھر مسٹر ایر نے اسی طرح کا بیان دہرایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس بتائے کہ اس کا اب کیا خیال ہے ۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کیا مسٹر گاندھی اس مرتبہ مسٹر ایر کے خیالات سے متفق ہیں؟مغربی بنگال میں سیاسی تشدد پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ صحت مند جمہوریت میں سیاسی تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ کوئی خواہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتا ہو سیاسی تشدد کو روکنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے ۔ ریاست میں قانون و انتظام ریاستی حکومت کی پہلی ذمہ داری ہوتی ہے اور اسی لئے مغربی بنگال میں جو کچھ بھی ہورہا ہے اسے روکنے کی ذمہ داری چیف منسٹر ممتابنرجی کی ہے ۔ انہیں اس ذمہ داری کو قبول کرنا چاہئے ۔ ممتا بنرجی نے مرکزی سیکورٹی فورسیز کی وردی میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے کارکنوں کو الیکشن میں تعینات کئے جانے کے الزامات کے بارے میں کہا کہ مرکزی سیکورٹی فورسیز الیکشن کے وقت الیکشن کمیشن کی مانگ پر انہیں دی جاتی ہے اور وہ کمیشن کے تحت رہتے ہیں ان کی تعیناتی پوری طرح سے کمیشن کے ہاتھوں میں ہوتی ہے ۔ الیکشن ڈیوٹی پر گئے مرکزی فورسیز مرکزی حکومت اور وزارت داخلہ کے ہاتھ میں نہیں ہوتی ہیں۔