کیرئیر کے ختم ہونے کا خوف تھا : اسمتھ

   

برمنگھم ۔2 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ جنھوں نے ایشز سیریز کے پہلے ٹسٹ میں اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچانے والی سنچری اسکور کرنے کے بعد نہ صرف خوشی کا اظہار کیا بلکہ کہا کہ بال ٹمپرنگ تنازعہ کے بعد انھیں کیرئیر کے ختم ہونے کا خوف تھا ۔ اسمتھ جس وقت بیٹنگ کیلئے میدان پر پہونچے ، اُس وقت آسٹریلیائی ٹیم 17 رنز پر دو وکٹ گنوانے کے بعد ناـزک صورتحال سے دوچار تھی اور ایک موقع پر اس نے 122 رنز کے اسکور پر ہی اپنے آٹھ وکٹ گنوادیئے تھے لیکن اسمتھ نے 144 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 284 رنز تک پہونچایا ۔ اسمتھ جنھوں نے اپنے کیرئیر کی 24 ویں سنچری اسکور کی وہ اُن کی پابندی کے بعد واپسی کی پہلی بین الاقوامی سنچری بھی ہے کیونکہ انھوں نے ورلڈ کپ میں 85رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ شاندار سنچری اور بہترین واپسی پر اظہارخیال کرتے ہوئے اسمتھ نے کہا کہ پابندی کے دوران ایک ایسا وقت بھی آیا تھا جب کرکٹ سے میری دلچسپی ختم ہوگئی تھی اور خاص کر جب میری کہنی کا آپریشن ہوا تھا تب میں نے تو کیرئیر کے ختم ہونے کا ذہن بھی بنالیا تھا ، تاہم شاندار واپسی نے میرے حوصلوں کو بلند کیا ہے ۔