کیراسٹارمر کی کرسی خطرے میں،4وزراء مستعفی

   

لندن : 13 مئی ( یو این آئی ) برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی حکومت کو شدید سیاسی دباؤ کا سامنا ہے جہاں بلدیاتی انتخابات میں خراب نتائج کے بعد ان سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹارمر کی کابینہ کے 4 وزرا بھی احتجاجاً مستعفی ہوچکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق حکمران لیبر پارٹی کے 80 سے زائد اراکین پارلیمنٹ وزیراعظم سے فوری استعفے یا عہدہ چھوڑنے کے لیے واضح شیڈول دینے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔دوسری جانب 100 سے زائد لیبر اراکین پارلیمنٹ نے کیئر اسٹارمر کے حق میں حمایت کا اظہار بھی کیا ہے اور پارٹی کے اندر ان کی قیادت برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔برطانوی نشریاتی اداروں کے مطابق لیبر پارٹی میں نئے رہنما کے انتخاب کے عمل کو شروع کرنے کے لیے کم از کم 81 اراکین کی حمایت درکار ہوتی ہے، جس کے باعث سیاسی حلقوں میں قیادت کی تبدیلی سے متعلق بحث تیز ہوگئی ہے۔وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے استعفے کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کابینہ سے خطاب میں کہا کہ وہ انتخابی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں، تاہم اس وقت حکومت کی توجہ ملک چلانے اور عوامی مسائل حل کرنے پر ہونی چاہیے۔