کیرالا ‘ مانسون سیزن میں امراض سے نمٹنے اقدامات

,

   

تھرواننتاپورم ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کیرالا کی جانب سے مانسون سے متعلق امراص سے نمٹنے سرکاری مشنری کو متحرک کیا جا رہا ہے جبکہ ریاست میں کورونا کے خلاف جدوجہد بھی جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آج یکم جون کو مانسون ساحل کیرالا سے ٹکرا گیا ہے ۔ڈائرکٹوریٹ ہیلت سروسیس کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ کے مطابق ریاست میں ماہ مئی کے دوران ہی بخار کے 65 ہزار معاملات درج کئے گئے تھے ۔ ریاستی حکومت کو اندیشہ ہے کہ مانسون اور بارش کے سیزن میں عوام میں متعدی اور موسمی بیماریوں بخار وغیرہ میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ڈینگو بخار ‘ چکن گونیا اور دوسرے امراض بھی مانسون میں پھیل سکتے ہیں۔ حکومت نے سرکاری مشنری کو ان امراض سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے اور مختلف احتیاطی اقدامات کرنے کو بھی کہا گیا ہے ۔ ریاست میں فی الحال ڈینگو کے 12 کیس پائے جاتے ہیں اور ماہ مئی کے دوران ایک مہینے میں 296 افراد کے ڈینگو سے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ ان حالات میں ریاستی حکومت نے سرکاری مشنری کو ان امراض سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کوکہا ہے ۔