حیدرآباد۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی کیرالا میں کانگریس کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور انہوں نے کانگریس امیدواروں کے حق میں روڈ شو اور پدیاترا میں حصہ لیتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ ماوے لیکورک اسمبلی حلقہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ کیرالا میں کانگریس زیر قیادت یو ڈی ایف حکومت کے برسر اقتدار آنے پر تلنگانہ کی طرح اسکیمات پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی اراضیات کے تحفظ کے لئے بھوبھارتی جیسے قانون پر عمل ہوگا۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے 6 ضمانتوں پر عمل کیا اور نئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ کانگریس نے کیرالا میں جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے ان پر بہرصورت عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ہمیشہ سنجیدہ رہی ہے اور تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک میں انتخابی وعدوں کو پورا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں کیرالا میں برسر اقتدار بائیں بازو محاذ نے عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا ہے۔ ترقی، روزگار اور دیگر شعبہ جات میں ایل ڈی ایف حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سالہ حکمرانی سے کیرالا کے عوام عاجز آچکا ہیں اور انہوں نے یو ڈی ایف کو اقتدار سونپنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح کیرالا میں بی جے پی فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ عوام کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔1 ؍ F ؍ M