کیرا تحصیلدار رشوت معاملہ ، تحقیقات میں پیشرفت

   

عنقریب چونکا دینے والے انکشافات کا امکان ،کئی خاطیوں سے پوچھ تاچھ
حیدرآباد : کیرا تحصیلدار رشوت معاملہ میں اے سی بی عہدیداروں نے تحقیقات میں پیشرفت اختیار کرلی ہے ۔ تحصیلدار بشمول چار خاطیوں سے الگ الگ کمروں میں پوچھ تاچھ کی گئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران خاطی افراد سے پوچھ تاچھ کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جارہی ہے ۔ اس کے ساتھ اے سی بی نے کیرا کے اراضیات کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا اور کیرا تحصیلدار آفس کے دیگر عملہ سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کیرا تحصیلدار دفتر کی ریونیو انسپکٹر ششی کلا سے صدر دفتر طلب کرتے ہوئے پوچھ تاھ کیگئی ۔ اس کے علاوہ عہدیداروں نے تحصیلدار ناگراجو کے بینک لاکرس کی تفصیلات کو اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے ۔ ایک کروڑ 10لاکھ روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیرا ایم آر او ناگراجو کی سرویس کی جانچ بھی کی جارہی ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیدراوں نے کاروائی میں ناگراجو کے ہمراہ انہیں رشوت دینے والے افراد و رئیل اسٹیٹ ڈیولپرس اور ایک درمیانی افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ تحصیلدار ناگراجو کی داستان بدعنوانیوں سے بھری پڑی ہے ۔ سال 2011ء جون میں غیر محسوب اثاثہ جات کا معاملہ زیر دوران ہے ۔ اس درمیان لاکھوں روپئے مکان سے برآمد کئے گئے اور ایک کروڑ 10لاکھ روپئے کی رقم رنگے ہاتھوں گرفتاری میں ضبط ہوئی ۔ امکان ہے کہ اے سی بی بہت جلد مزید چونکا دینے والی حقیقت کا خلاصہ کرے گی ۔