کیری لیک یو ایس اے جی ایم کی خصوصی مشیر

   

واشنگٹن: یو ایس ایجنسی فار گلوبل میڈیا (یو ایس اے جی ایم) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ صحافت سے سیاست کے میدان میں قدم رکھنے والی کیری لیک ایجنسی میں بطور خصوصی ایڈوائزر ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ 30 سالہ صحافتی تجربہ رکھنے والی کیری لیک کے بارے میں صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس دسمبر میں کہا تھا کہ وہ اْنہیں وائس آف امریکہ کی سربراہی سونپیں گے۔صدر ٹرمپ نے یو ایس اے جی ایم کے سربراہ کیلئے مصنف ایل برینٹ بوزیل تھری کا انتخاب کیا ہے جو سینیٹ سے توثیق کے منتظر ہیں۔یو ایس اے جی ایم میں بائی پارٹیزن بورڈ کا قیام بھی عمل میں آنا باقی ہے جوسی ای او کے ساتھ مل کر مختلف عہدوں پر تعینات نیٹ ورک کے سربراہان کی تبدیلیوں و تعیناتیوں سمیت مختلف معاملات پر کام کرتا ہے۔یو ایس اے جی ایم کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے رومن نیپولی نے بذریعہ ای میل عملے کو ایجنسی میں کیری لیگ کی آمد سے متعلق آگاہ کیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو کے عہدہ پر اس سے قبل امانڈا بینیٹ خدمات انجام دے رہی تھیں جنہوں نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔نیپولی نے ای میل میں لکھا کہ کیری لیک براڈ کاسٹ جرنلزم میں ایک وسیع تجربہ لائیں گی وہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے بڑے میڈیا اداروں میں بطور اینکر اور رپورٹر وابستہ رہی ہیں۔