کیشم پیٹ ایم آر او غیر محسوب اثاثہ جات کے الزام میں گرفتار

   

93.50 لاکھ نقد اور 40 تولے زیورات ضبط، رہائش گاہ کے متعدد مقامات میں رقم، اے سی بی کی کارروائی
حیدرآباد 11 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی اینٹی کرپشن بیورو تلنگانہ کے عہدیداروں نے ضلع رنگاریڈی کے کیشم پیٹ کی تحصیلدار (منڈل ریونیو آفیسر) کو گرفتار کرلیا اور تحصیلدار کے مکان سے غیر محسوب اثاثہ جات و نقد رقم یعنی (93.50) لاکھ روپئے اور 40 تولے وزنی طلائی زیورات کے علاوہ مختلف جائیدادوں کے دستاویزات ضبط کئے گئے۔ ریاستی اینٹی کرپشن بیورو تلنگانہ کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ایک اطلاع پر بیورو کے عہدیداروں نے کیشم پیٹ تحصیلدار شریمتی لاونیا کے مکان پر دھاوا کرکے مکمل تلاشی لینے پر مکان میں متعدد جگہوں پر دو ہزار اور 500 روپیوں کے کرنسی نوٹس چھپاکر رکھے ہوئے تھے، ضبط کرلئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ تین گھنٹوں کی تلاشی کے دوران رقومات، طلائی زیورات و مختلف املاک کے دستاویزات دستیاب ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ آن لائن نام درج کرنے کے لئے ایک کسان سے چار لاکھ روپئے لیتے ہوئے ولیج ریونیو آفیسر (وی آر او) کو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا۔ تحقیقات پر اس بات کا پتہ چلا کہ (وی آر او) نے کسان کی مدد کرنے کے لئے جملہ 9 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس میں پانچ لاکھ روپئے تحصیلدار کا حصہ بھی شامل تھا، گرفتار وی آر او نے اس کا انکشاف کیا جس کے ساتھ ہی اے سی بی عہدیدار نے تحصیلدار شریمتی لاونیا سے دریافت کرنے پر انھوں نے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ بیورو کے عہدیداروں نے شک و شبہ کی بنیاد پر مکان کی تلاشی لینے پر مکان میں جہاں پر بھی نظر ڈالیں وہاں کرنسی نوٹوں کے بنڈلس بالخصوص الماریوں، کب بورڈس وغیرہ میں نوٹوں کے بنڈلس بے تحاشہ پائے گئے اور اس طرح تلاشی کے دوران 93.50 لاکھ نقد رقم، 40 تولے وزنی طلائی زیورات کے علاوہ مختلف جائیدادوں کے دستاویزات کو ضبط کرلیا گیا۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق دو سال قبل ہی ضلع رنگاریڈی کی ’’بیسٹ تحصیلدار‘‘ کا شریمتی لاونیا تحصیلدار کو ایوارڈ عطا کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق دتایہ پلی کا رہنے والا ایم چنیا جوکہ 12 ایکر اراضی کا مالک ہے، اس 12 ایکر اراضی کے منجملہ 9.7 ایکر اراضی کے تعلق سے اس کا نام آن لائن درج نہیں ہوسکا جس پر چنیا کے فرزند بھاسکر نے وی آر او کندرگ مسٹر اننتیا سے ربط کیا جس پر گزشتہ ماہ 30 ہزار روپئے رشوت حاصل کرکے ریکارڈ میں چنیا کا نام درج کیا گیا لیکن 18 جون کو درج کرکے 24 جون کو دوبارہ نام ریکارڈ سے خارج کردیا گیا جس کے پیش نظر بھاسکر نے دوبارہ وی آر او سے رجوع ہوکر دریافت کرنے پر فی ایکر ایک لاکھ روپئے کے حساب سے جملہ 9 لاکھ روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا لہذا بھاسکر نے اے سی بی عہدیداروں سے رجوع ہوکر گزشتہ دن یعنی 10 جولائی کو چار لاکھ روپئے ادا کررہا تھا کہ اننتیا وی آر او کو اینٹی کرپشن عہدیداروں نے رشوت کی رقم قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ تفتیش پر وی آر او نے بتایا کہ اس رقم میں 5 لاکھ روپئے تحصیلدار شریمتی لاونیا کا حصہ ہے اور تین لاکھ روپئے خود کا حصہ رہنے کا اظہار کیا جس کی روشنی میں تحصیلدار سے دریافت کرنے پر اُنھوں نے لاعلمی کا اظہار کیا جس کے بعد تلاشی لی گئی جس پر مذکورہ رقم برآمد کی گئی۔