کیندریہ ودیالیوں کے تمام کوٹے میں ردوبدل پر غور: اناپورنا دیوی

   

نئی دہلی: حکومت نے آج کہا کہ ‘کیندریہ ودیالیوں’ میں داخلے سے متعلق تمام قسم کے کوٹے میں رد و بدل پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں سبھی کی رائے کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔یہ بات مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم اناپورنا دیوی نے چہارشنبہ کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوال کے دوران اس سلسلے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہی۔راجیہ سبھا اراکین نے کیندریہ ودیالیوں میں اراکین پارلیمنٹ کے صوابدیدوالے کوٹے کا اضافہ سے متعلق سوالات پوچھے تھے ۔ بعض نے یہ بھی کہا کہ حکومت کوٹہ کے حوالے سے پوزیشن واضح کرے ۔وزیر مملکت برائے تعلیم نے کہا کہ یہ معاملہ لوک سبھا میں بھی اٹھایا گیا تھا اور لوک سبھا کے اسپیکر نے بھی تمام پارٹیوں کے رہنماؤں سے اس پر بحث کرنے کی بات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارٹیوں کے رہنماؤں سے بات چیت کے بعد محکمہ اس پر سنجیدگی سے بات بحث کرے گا اور سب کی رضامندی سے فیصلہ کیا جائے گا کہ تمام کوٹے میں کس قسم کی تبدیلی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً مختلف سطح پر کوٹہ میں تضاد کا معاملہ اٹھایا جاتا رہتا ہے جس کے پیش نظر حکومت نے اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے ۔