کینیڈا کی جانب سے ٹائٹن حادثہ کی تحقیقات کا آغاز

   

ٹورنٹو: کینیڈین حکام نے ٹائی ٹینک جہاز کا ملبہ دیکھنے کے لیے گہرے سمندر میں جانے والے ٹائٹن آبدوز کے پھٹنے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔جمعہ کو امریکی کوسٹ گارڈ نے تصدیق کی تھی کہ ٹائٹن آبدوز میں سوار پانچوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔آبدوز کے ملبے کے حصے بحر اوقیانوس کی تہہ سے ملے تھے۔امریکی کوسٹ گارڈ کے ریئر ایڈمرل جان میگر نے کہا تھا کہ حادثہ آبدوز کے اندر دھماکے سے ہوا۔امریکی اور کینیڈا سمیت مختلف اداروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا تھا۔گزشتہ اتوار کو سطح آب پر موجود کینیڈا کی پولر پرنس کارگو جہاز نے ٹائٹن کو سمندر میں چھوڑا تھا تاہم ایک گھنٹہ اور 45 منٹ کے بعد آبدوز کا جہاز سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔کینیڈا کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے کہا ہے کہ چونکہ پولر پرنس جہاز کینیڈین جہاز ہے اس لیے وہ آبدوز کے آپریشن کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر رہا ہے۔ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی ٹیم وہاں معلومات اکٹھا کرے گی۔ بورڈ کے مطابق ہم اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے دیگر اداروں سے بھی رابطہ کریں گے۔ریسکیو حکام نے بتا یاکہ ٹائٹن کا ملبہ ٹائی ٹینک سے 16 سو فٹ (500 میٹر) کے فاصلے پر ملا۔