ولنگٹن: ولیمسن بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی جانے والی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں شرکت سے محروم ہوچکے ہیں۔ جیسا کہ وہ کوہنی کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے میڈیکل منیجر ڈیل شاکل نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن رواں ماہ کے اواخر بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہونے والی تین ونڈے مقابلوں میں ٹیم کو دستیاب نہیں رہیں گے کیوں کہ ان کی بائیں کوہنی میں تکلیف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کین رواں موسم گرما سے ہی کوہنی کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور بدقسمتی سے ان کا یہ زخم مندمل نہیں ہوا ہے۔ لہٰذا انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ونڈے مقابلے 20، 23 اور 26 مارچ کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد تین ٹی 20 مقابلے 28، 30 مارچ اور یکم اپریل کو کھیلے جائیں گے اور امکان ہے کہ ولیمسن اس سیریز میں بھی شرکت نہیں کرپائیں گے جس کے بعد کھلاڑی آئی پی ایل کے لیے ہندوستان کا سفر کریں گے۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان ماہ مئی میں انگلینڈ کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کے علاوہ آئی سی سی چیمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف دستیاب رہیں گے جوکہ 18 تا 22 جون سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔