1090 کروڑ روپئے کے تعمیری اخراجات، جاناریڈی، چرنجیوی، بالاکرشنا کے مکانات کو مارکنگ
جنوری کے پہلے ہفتہ میں ٹنڈر طلب کرنے کی تیاریاں، جی ایچ ایم سی کی خصوصی منصوبہ بندی
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی کی جانب سے کے بی آر پارک کے اطراف و اکناف ٹریفک مسائل کی یکسوئی کیلئے 6 جنکشنس پر 6 اسٹیل بریجس اور 6 انڈر پاسیس تعمیر کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس کیلئے روڈ نمبر 12 ورنچی ہاسپٹل، اومیگا ہاسپٹل، فلم اسٹار بالا کرشنا کے گھر جوبلی ہلز چیک پوسٹ تک 6.5 کیلو میٹر سڑک کو توسیع دی جائے گی۔ ورنچی ہاسپٹل سے بی آر ایس پارٹی کے تلنگانہ بھون چوراہا تک 100 فیٹ سڑک کی توسیع کی جائے گی۔ وہاں سے چیک پوسٹ تک 120 فیٹ توسیع کی جائے گی۔ چیک پوسٹ کے پاس میٹرو ریل کو مشکلات سے بچانے 150 فیٹ تک توسیع دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ سڑک توسیع کیلئے ابھی تک 303 جائیدادوں کی مارکنگ کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں 97 جائیدادوں کا سروے مکمل کرتے ہوئے حصول اراضی کے نوٹس جاری کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 6 جنکشنس پر بریجس اور انڈر پاسیس کی تعمیرات پر 1090 کروڑ روپئے کے اخراجات ہیں۔ پہلے پیاکیج میں کے بی آر پارک اور جوبلی چیک پوسٹ کے جنکشن پر 580 کروڑ روپئے، دوسرے پیاکیج میں جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 فلم نگر، اگرسین، کینسر ہاسپٹل جنکشن پر 510 کروڑ سے گریڈ سیپریٹری فلائی اوورس اور انڈر پاس تعمیر کئے جائیں گے۔ جی ایچ ایم سی کا انجینئرنگ شعبہ جنوری کے پہلے ہفتہ میں ایک ٹنڈرس جاری کرنے کی حکمت عملی تیار کررہا ہے۔ 15 دن کی مہلت پر بولیاں طلب کی جائے گی۔ اگر ایجنسیاں ردعمل کا اظہار کرتے ہیں تو تکنیکی اور قیمت کی بولیوں پر غور کیا جائے گا۔ کوئی بھی ردعمل حاصل نہ ہونے کی صورت میں دوسری مرتبہ ٹنڈر طلب کیا جائے گا۔ تمام شعبوں کی منظوری کے بعد معاہدے طئے کئے جائیں گے۔ ایچ سٹی حصے کے طور پر حکومت نے 7032 کروڑ روپئے سے مختلف علاقوں میں بریجس کی تعمیر اور سڑکوں کی توسیع کرنے کی اجازت دی ہے۔ H-City کے پہلے مرحلہ میں 3446 کروڑ روپئے کے کام کئے جائیں گے۔ اسٹریٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام (SRDP) کے حصے کے طور پر کے بی آر پارک کے اطراف بریجس اور انڈر پاسیس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ یہ سابق حکومت کا تجویز کردہ منصوبہ ہے۔ ماحولیات کے چاہنے والوں نے اس کو نیشنل گرین ٹریبونل سے رجوع کیا ہے کیونکہ اس پراجکٹ کیلئے سینکڑوں درختوں کو نقصان پہنچ رہا ہے جس کی وجہ سے کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی۔ موجودہ حکومت پارک کو ٹچ کئے بغیر سڑک کی دنوں جانب موجودہ جائیدادوں کو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سڑک توسیع کیلئے مشہور شخصیات کی جائیدادوں کو حاصل کیا جارہا ہے جن میں سابق وزیرجاناریڈی، الوارجن کے ماما کے چندرشیکھر ریڈی، اپولو چوراستہ کے پاس موجودہ چرنجیوی کی قدیم رہائش گاہ بھاویہ ادارہ کی عمارت، روڈ نمبر 45 چوراستہ پر مشہور فلم اسٹار بالاکرشنا کا گھر توسیعی کاموں سے متاثر ہورہا ہے۔ ورنچی ہاسپٹل سے تلنگانہ بھون جنکشن روڈ نمبر 12 تک 50 تا 60 فیٹ کی سڑک ہے۔ اس کو 100 فیٹ تک توسیع دی جائے گی۔2