کے سی آر اور جگن موہن ریڈی مودی کے اے ٹی ایم قائدین

   

حیدرآباد: جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس پارٹی مانکیم ٹیگور ایم پی نے کے سی آر ، جگن اور نوین پٹنائک کو بی جے پی کے لئے اے ٹی ایم قائدین سے تعبیر کیا ہے۔ مرکزی حکومت کے خلاف مہم چلانے سے متعلق کے سی آر کے اعلان کے بعد مانکیم ٹیگور نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ جب کبھی مودی اور امیت شاہ کو راجیہ سبھا میں ضرورت رہی، ٹی آر ایس نے تائید کی ہے لیکن اب مرکز کے خلاف مہم کا ڈرامہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ ، نوین پٹنائک اور جگن اینی ٹائم مودی قائدین ہیں جب بھی ضرورت پڑے حکومت کی تائید کیلئے تیار ہوجاتے ہیں۔ اسی دوران ٹی آر ایس رکن کونسل کویتا نے چیف منسٹر کے خلاف مانکیم ٹیگور کے ریمارکس کی مذمت کی ہے۔