کے سی آر اور جگن پر مودی کی حمایت میں کام کرنے کا الزام

   

فیڈرل فرنٹ کے نام خفیہ سازباز کی پردہ پوشی ، سی پی آئی قائد کے راما کرشنا کا بیان
حیدرآباد /16 جنوری ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش سی پی آئی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فیڈرل فرنٹ کے نام پر صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تائید و موافقت میں کام کر رہے ہیں جبکہ مودی کے اقدامات کی بظاہر مخالفت کرتے ہوئے اپنے خفیہ ساز باز کی پردہ پوشی کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مسٹر کے سی آر جگن موہن ریڈی آندھراپردیش کیلئے نریندر مودی کے کٹھ پتلی بن کر ان کے اشاروں پر ہی کام کر رہے ہیں ۔ مسٹر کے راما کرشنا نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ اظہار کیا اور رکن اسمبلی تلنگانہ راشٹرا سمیتی و سابق وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو کے آندھراپردیش میں دئے گئے بیان پر ہدف ملامت بنایا اور دریافت کیا کہ آیا مسٹر سرینواس یادو نے آندھراپردیش میں اور تلنگانہ میں کیا کارنامے انجام دئے ہیں اور کس بنیاد پر وہ آندھراپردیش میں کس کے ساتھ ملکر جدوجہد کریں گے ۔ آندھراپردیش کے عوام میں ان کاکوئی مقام ہی نہیں ہے ۔