کے سی آر بس یاترا کے ذریعہ پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں گے

   

بی آر ایس پارٹی کے سینئیر قائدین سے مشاورت ، 13 اپریل کو چیوڑلہ میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر بس یاترا کے ذریعہ پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کم از کم 100 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ پارٹی کی جانب سے شیڈول کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ اس سے قبل 13 اپریل کو چیوڑلہ میں منعقد ہونے والے ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے ۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر پارٹی کے سینئیر قائدین کے ساتھ لوک سبھا انتخابات کی انتخابی مہم پر مشاورت کررہے ہیں ۔ اسمبلی انتخابات میں کے سی آر نے 97 اسمبلی حلقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا تھا ۔ اس مرتبہ انتخابی جلسوں سے زیادہ بس یاترا پر توجہ دے رہے ہیں ۔ اس کی دو وجوہات ہیں ایک تو دھوپ کی شدت ہے ۔ دوسری طرف لکڑی کے سہارے چلنے میں کے سی آر کو دشواری پیش آرہی ہے ۔ حال ہی میں کے سی آر نے متحدہ اضلاع ورنگل ، نلگنڈہ ، کریم نگر کا دورہ کرتے ہوئے خشک ہونے والی فصلوں کا معائنہ کیا تھا ۔ جہاں پر کے سی آر کی سیکوریٹی مسائل کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ بھاری تعداد میں عوام کے سی آر سے ملاقات کرنے کے لیے پہونچ رہے ہیں ۔ عوام کو کنٹرول کرنا مشکل ہورہا ہے ۔ سیکوریٹی کے نقطہ نظر سے بھی جلسوں سے زیادہ بس یاترا کو ترجیح دی جارہی ہے ۔ گرمی کی وجہ سے جلسوں میں عوام کو اکٹھا کرنا بھی بہت بڑا مسئلہ ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ جلسوں کے بجائے بس یاترا کا اہتمام کرتے ہوئے 17 لوک سبھا کے 100 اسمبلی حلقوں میں زیادہ سے زیادہ منڈلس کا احاطہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ 15 اپریل سے حلقہ لوک سبھا میدک یا عادل آباد سے بس یاترا شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔۔ 2