کے سی آر حکومت کے زوال تک بی جے پی کی جدوجہد جاری رہے گی

   

تلنگانہ میں خاندانی حکومت ، بی جے پی قائد ترون چگ کا الزام
حیدرآباد۔5۔ جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کی حکمرانی سے متعلق بیان پر قائم ہے۔ تلنگانہ امور کے انچارج ترون چگ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی قائدین کو بے بنیاد الزامات کے تحت جیل میں بند کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس کا رویہ ٹی آر ایس کارکنوں کی طرح ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پولیس نے گلابی ڈریس پہن لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی او 317 کے خلاف جمہوری انداز میں احتجاج کرنے والے بنڈی سنجے کو مجرمین کی طرح گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ 2014 ء سے قبل کے سی آر خاندان علحدہ تلنگانہ تحریک میں کہا تھا ؟ ترون چگ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک سے کے سی آر خاندان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اقتدار ملتے ہی خاندان کی حکمرانی شروع ہوچکی ہے۔ ترون چگ نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی بے قاعدگیوں اور کرپشن کے خلاف بی جے پی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر میں پولیس نے بنڈی سنجے کی گرفتاری کیلئے جو اوور ایکشن کیا ، وہ کسی گینگسٹر کی گرفتاری کی طرح تھا۔ پولیس کو برسر اقتدار پارٹی کی تائید کے بجائے غیر جانبداری سے کام کرنا چاہئے ۔ ٹی آر ایس حکومت اپوزیشن کو چن چن کر نشانہ بنارہی ہے۔ ترون چگ نے کہا کہ بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے لیکن عدالت سے انصاف ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے تک بی جے پی چین سے نہیں بیٹھے گی۔ ر