دسہرہ پر ارکان مقننہ سے پارٹی جھنڈا اور ایجنڈہ پر مشاورت کا امکان
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) ملک میں قومی سیاسی جماعت کے قیام کی تیاریوں میں مصروف چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فارم ہاوز میں پارٹی قائدین کے ساتھ سرگرم مشاورت کو جاری رکھا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے قومی پارٹی کے قیام کے سلسلہ میں قائدین کی رائے حاصل کی اور مختلف ریاستوں سے موصولہ رپورٹس کا حوالہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ارکان مقننہ اور ارکان پارلیمنٹ کی رائے حاصل کرنے کیلئے دسہرہ کے دن لیجسلیر پارٹی کا اجلاس طلب کرسکتے ہیں جس میں اتفاق رائے سے نام اور دیگر تفصیلات کو قطعیت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر قومی سیاست میں داخلہ سے قبل ایک بڑے جلسہ عام کی منصوبہ بندی بھی کررہے ہیں جس میں پارٹی پرچم اور ایجنڈہ کا اعلان کیا جائے گا۔ سکریٹری جنرل ٹی آر ایس ڈاکٹر کے کیشو راؤ اور دیگر قائدین نے قومی سیاست میں حصہ لینے کے مسئلہ پر اپنی رائے پیش کی ہے۔ پارٹی ایجنڈہ میں کسان، دلت اور نوجوان اہم ٹارگٹ رہیں گے۔ تلنگانہ میں عمل کی جانے والی رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ اور زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی جیسی اسکیمات کو قومی سطح پر لاگو کرنے کا وعدہ کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کا نام ’ بھارت راشٹرا سمیتی ‘ ہوسکتا ہے تاہم اس بارے میں قطعی فیصلہ لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں ہوگا۔ قومی سیاست میں حصہ لینے کے مسئلہ پر ٹی آر ایس قائدین میں متضاد رائے سامنے آئی ہے۔چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کیلئے طویل عرصہ سے سرگرم ہوگئے ہیں ۔ مرکزکی بی جے پی حکومت اور اس کی پالیسوں کے خلاف انہوں نے محاذکھول رکھا ہے۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کیلئے کئی علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات بھی کرچکے ہیں ۔ ر