کے سی آر پر عوام دشمن پالیسیوں پر وقت گذارنے کا الزام

   

میدک میں انتخابی جلسہ میں 50 ہزار افراد کی شرکت، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب

میدک۔/20 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کی کار نہ صرف انڈر ریپرنگ ہے بلکہ پارلیمانی انتخابات کے بعد اس کے پارٹس پرانے سامان کے تحت فروخت کیلئے ہوں گے۔ تلنگانہ کی عوام نے کے سی آر جیسے بدعنوان چیف منسٹر کو فارم ہاوز میں آرام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ٹھیک اسی طرح وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی آرام کرنے کا موقع فراہم کرنے تہیہ کرلیا ہے۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میدک کے رام داس جنکشن پر انتخابی عوامی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے حلقہ پارلیمان میدک کے کانگریس امیدوار مسٹر نیلم مدھو کو بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب کرنے کی رائے دہندوں سے پرزور اپیل کی۔ اس جلسہ میں 50 ہزار سے زائد عوام کا اجتماع تھا جو کانگریس اور ریونت ریڈی کے حق میں نعرے لگارہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی دس سالہ حکومت میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ٹھیک اسی طرح کے سی آر نے بھی ریاست کیلئے کچھ نہیں کیا۔ کے سی آر کی حکومت کی ٹیم نے عوام دشمن پالیسیوں کو اپناتے ہوئے وقت گذاری کی۔ ریونت ریڈی حکومت کے 100 اقتدار والے دن کامیاب گذرے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے بی آر ایس کو چھوڑ کر قائدین کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی کی طرف اگر نظر اٹھائی جاتی ہے تو کے سی آر اور ان کی ٹیم کو ملبوسات نکال کر بھگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ریاست میں جھوٹ پھیلارہے ہیں کہ کانگریس کے 20 ارکان اسمبلی ان سے ربط قائم کئے ہوئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر کی اس بات کو کے سی آر کا خواب قرار دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عنقریب کسانوں کو 2 لاکھ کے قرض معاف کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی اس نئی حکومت کے مختصر سے عرصہ کے دورن اب تک 35 کروڑ خواتین آر ٹی سی بسوں میں زیرو ٹکٹ پر سفر کرچکی ہیں۔ انہوں نے میدک پارلیمان کے سابق ایم پی مسٹر پربھاکر ریڈی اور بی جے پی کے پارلیمانی امیدوار رگھونندن راؤ پر خوب تنقید کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی میدک چرچ گراونڈ پر بنائے گئے ہیلی پیاڈ سے 2 کلو میٹر کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے ایک کھلی جیپ میں جلسہ گاہ رام داس یکس وے تک ایک بھاری کانوے اور ریالی کے ذریعہ پہنچے جہاں انہوں نے تقریباً 45 منٹ تک خطاب کیا۔ ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی، انچارج وزیر میدک لوک سبھا محترمہ کونڈہ سریکھا، ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا، ورکنگ پریسیڈنٹ کانگریس جگاریڈی، میدک ایم ایل اے ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ نے بھی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ لوک سبھا میدک کے کانگریس امیدوار نیلم مدھو مدیراج کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس کو 15 حلقوں پر کامیابی ہوگی۔ اس جلسہ میں مائنم لی ہنمنت راؤ سابق رکن اسمبلی میدک، سابق ایم ایل اے نرسا پور مدن ریڈی، انچارج لیڈر نرسا پور کانگریس اے راجی ریڈی، صدر میدک چندراپال، چودھری سپرابھات راؤ کے علاوہ کانگریس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔