کے سی آر کانگریس ارکان اسمبلی کو چھوکر دکھائیں، ریونت ریڈی کا چیلنج

   

میں ہائی ٹینشن وائر ہوں چھوکر بھسم ہوجاؤگے، محبوب نگر میں ومشی چند ریڈی کی انتخابی ریالی سے خطاب، 14 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس سربراہ کے سی آر کو چیلنج کیا کہ وہ کانگریس ارکان اسمبلی کو چھوکر دکھائیں۔ انہوں نے 20 ارکان اسمبلی کے ربط میں ہونے سے متعلق کے سی آر کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ کانگریس ارکان اسمبلی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں جو بھیڑیا انہیں اٹھا لے جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج محبوب نگر میں پارٹی امیدوار ومشی چند ریڈی کی انتخابی ریالی سے خطاب کر رہے تھے۔ ریونت ریڈی ومشی چند ریڈی کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر موجود تھے اور انہوں نے بعد میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر اسمبلی چناؤ میں شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کے ٹی آر سے کہا کہ آپ کی کار خراب ہی نہیں بلکہ انجن ناکارہ ہوچکا ہے، اب کار کو اسکراپ میں فروخت کرنے کی ضرورت ہے ۔ کے ٹی آر آپ کے والد کی طبیعت بھی خراب ہے۔ عوام نے بی آر ایس کی کار کو زمین میں دفن کردیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ شکست کے باوجود کے سی آر بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے 20 ارکان اسمبلی کے ربط میں ہونے کی بات کر رہے ہیں۔ کانگریس ارکان اسمبلی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں اور ان کی حفاظت کیلئے ریونت ریڈی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی ہائی ٹینشن وائر کی طرح ہے اور کے سی آر اگر چھونے کی کوشش کریں گے تو کوے کی طرح جل کر بھسم ہوجائیں گے۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر کو چیلنج کیا کہ وہ کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی کو چھوکر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ارکان پر نظر رکھنے سے پہلے کے سی آر اپنے کیمپ کا جائزہ لیں کہ شام تک کتنے لوگ باقی رہیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محبوب نگر کے عوام نے کے سی آر کو پارلیمنٹ کیلئے منتخب کیا تھا لیکن کے سی آر نے محبوب نگر ضلع کی ترقی کو نظر انداز کردیا۔ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ محبوب نگر میں ومشی چند ریڈی اور ناگر کرنول میں ڈاکٹر ملو روی کو ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس 14 نشستوں پر کامیاب ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اقتدار کے 100 دن میں حکومت نے 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر ، 500 روپئے میں گیس سلینڈر، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج ، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور اندراماں انڈیلو کے تحت مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگست تک مدیراج طبقہ کے نمائندہ کو کابینہ میں شامل کرنا میری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے خلاف بی آر ایس اور بی جے پی نے مفاہمت کرتے ہوئے سازش رچکی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس اور بی جے پی کی سازش کو ناکام بنائیں۔ 1