کے سی آر کا آج منگوڑ میں جلسہ سے خطاب

   

دو لاکھ افراد کی شرکت متوقع، ترقیاتی و فلاحی اسکیمات موضوع
حیدرآباد ۔19۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 20 اگست کو منگوڑ میں جلسہ عام کے ذریعہ ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ سے ایک دن قبل چیف منسٹر کیلئے منگوڑ میں جلسہ طاقت کے مظاہرہ کا موقع رہیگا۔ ٹی آر ایس نے جلسہ میں تقریباً دو لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ منگوڑ کے 7 منڈلوں میں عوامی نمائندوں کو متحرک کردیا گیا اور وہ گاؤں گاؤں پہنچ کر عوام کو جلسہ عام میں شرکت کی ترغیب دے رہے ہیں۔ انتخابی مہم کی ذمہ داری وزیر برقی جگدیش ریڈی اور انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے صدرنشین بالا ملو کو مشترکہ طور پر دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے 7 منڈلوں کے لئے 14 قائدین کو بطور انچارج مقرر کیا ہے۔ نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے تمام عوامی نمائندے اور سینئر قائدین جلسہ عام میں شرکت کریں گے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹکٹ کے خواہشمند قائدین متحرک ہوچکے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ حامیوں کی شرکت کے ذریعہ اپنی مقبولیت کا مظاہرہ کرسکیں۔ 100 افراد کی گنجائش کے ساتھ اسٹیج تیار کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چیف منسٹر جلسہ عام میں متحدہ ضلع نلگنڈہ کی ترقی اورفلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرائیں گے۔ راجگوپال ریڈی نے علاقہ کی ترقی کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے ، لہذا ٹی آر ایس کی جانب سے ضلع نلگنڈہ کی ترقی اور فلاحی اسکیمات کو انتخابی موضوع بنایا جائے گا ۔ ٹی آر ایس کیڈر کو امید ہے کہ چیف منسٹر کے دورہ سے منگوڑ میں نہ صرف پارٹی کا موقف بہتر ہوگا بلکہ بی جے پی اور کانگریس سے مقابلہ کیلئے کارکنوں کے حوصلے بلند ہوں گے ۔ ر