کے سی آر کی بدعنوانیوں کو عوام میں پیش کرنے امیت شاہ کا بی جے پی قائدین کو مشورہ

   

تلنگانہ قائدین سے دہلی میں ملاقات، عنقریب دو روزہ دورہ، پارٹی کے استحکام کیلئے مفید مشورے
حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ مرکز کے خلاف کے سی آر حکومت کی مہم کا منہ توڑ جواب دیں اور دھان کے مسئلہ پر حقیقی صورتحال سے کسانوں اور عوام کو واقف کرائیں۔ تلنگانہ بی جے پی کے قائدین نے آج نئی دہلی میں امیت شاہ سے ملاقات کی۔ حضورآباد ضمنی چناؤ میں کامیابی اور دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کے مرکز سے ٹکراؤ کے پس منظر میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی، صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے، سابق وزراء ایٹالہ راجندر، ڈی کے ارونا، رکن پارلیمنٹ ڈی اروند، سابق ارکان پارلیمنٹ جی رام موہن راؤ، جتیندر ریڈی اور تلنگانہ اُمور کے انچارج قائدین نے امیت شاہ سے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر داخلہ کے چیمبر میں منعقدہ اس اجلاس میں مرکزی وزیر اغذیہ پیوش گوئل بطور خاص شریک ہوئے اور دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکز کے موقف کی وضاحت کی۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ٹی آر ایس نے مرکز پر دھان کی خریدی سے انکار کا الزام عائد کیا تھا جس پر پیوش گوئل نے قائدین کو بتایا کہ مرکز نے تلنگانہ کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس کے مطابق عمل کیا جارہا ہے۔ پیوش گوئل کی وضاحت کے بعد امیت شاہ نے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو حقیقی صورتحال سے واقف کرائیں تاکہ مخالف مرکز مہم کا اثر زائل کیا جاسکے۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کو ٹی آر ایس کے الزامات کا جواب دینا چاہیئے۔ قائدین کو چاہیئے کہ وہ عوام کے درمیان جائیں اور مرکزی حکومت کی اسکیمات سے واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح پر حکمت عملی طئے کرتے ہوئے تمام قائدین کو متحرک ہونا چاہیئے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے وزیر اعظم اور مرکزی حکومت کے خلاف الزام تراشی کا شدت سے جواب دیا جانا چاہیئے۔ ٹی آر ایس حکومت کے چاول اسکام اور دیگر بے قاعدگیوں کے علاوہ کے سی آر خاندان کی بے قاعدگیوں سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ کے سی آر کی بدعنوانیوں کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جائے۔ امیت شاہ نے واضح کیا کہ پارٹی کے پروگراموں سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہوتا لہذا تلنگانہ کے بی جے پی قائدین اپنے طور پر فیصلہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ امیت شاہ نے حضورآباد ضمنی چناؤ میں کامیابی پر ایٹالہ راجندر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بنڈی سنجے کی پدیاترا کی طرح دیگر پروگرام شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ بنڈی سنجے اور امیت شاہ کے درمیان 15 منٹ تک علحدگی میں بات چیت رہی۔ امیت شاہ نے تلنگانہ کے دو روزہ دورہ کا تیقن دیا۔ امیت شاہ نے پارٹی قائدین کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے سلسلہ میں ضروری مشورے دیئے۔ر