کے سی آر کے بیرونی دوروں کی تفصیلات وزارت خارجہ میں دستیاب نہیں

   

آر ٹی آئی جہد کار کی درخواست تفصیلات کے بغیر واپس کردی گئی
حیدرآباد : مرکزی وزارت خارجہ کی جانب سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے 2017 سے قبل بیرونی دوروں کی تفصیلات جاری کرنے سے انکار پر آر ٹی آئی جہد کار نے سخت اعتراض کیا ۔ 2017 سے قبل چیف منسٹر کی حیثیت سے کے سی آر اور ان کے وزراء کی جانب سے کئے گئے بیرونی دوروں کی تفصیلات وزارت خارجہ کے پاس دستیاب نہیں ہے۔ آر ٹی آئی جہد کار سدھیر نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے 2017 ء سے قبل ان کی تفصیلات کو ریکارڈ سے حذف کردیا ہے اور آر ٹی آئی کے جواب میں وزارت نے کہہ دیا کہ اس کے پاس تفصیلات موجود نہیں ہے ۔ سدھیر کی جانب سے آر ٹی آئی درخواست کی پیشکشی پر وزارت خارجہ نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 2017 ء کے بعد متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔ جواب میں کہا گیا کہ جولائی 2017 تک کا ریکارڈ حذف کردیا گیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ 2017 ء سے قبل بیرونی دوروں کی تفصیلات پیش کرنا دشوار کن ہے کیونکہ اس سلسلہ میں مختلف فائلوں کی جانچ کرنی پڑے گی ۔ جہد کار نے کہا کہ انہوں نے وزارت صحت ، تعلیم اور انڈسٹریز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وزراء کے بیرونی دوروں کی تفصیلات طلب کی ہے۔ وزراء کے دورے اور ان کے نتائج کے بارے میں محکمہ جات کی جانب سے کوئی جواب داخل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل کے دور میں کوئی ریکارڈ کس طرح حذف کرسکتا ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ حکومت دراصل بیرونی دوروں کی تفصیلات پیش کرنے تیار نہیں ہے۔ وزارت خارجہ نے بیرونی دوروں کی تفصیلات ریاستی حکومت سے حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ حکومت کے احکام کے تحت یہ ثابت ہوتا ہے کہ کے سی آر نے اگست 2014 ء میں سنگا پور اور ملایشیا کا دورہ کیا تھا جبکہ 2015 ء میں چین اور 2016 ء میں امریکہ کا دورہ کیا تھا۔