پروفیشنل تعلیم یافتہ نوجوان مزدوری کررہے ہیں، کالا دھن واپس لانے کا وعدہ تھا مگر نوٹ بندی کردی گئی
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی مدد کررہے ہیں بدلے میں مودی تلنگانہ میں کے سی آر کی مدد کررہے ہیں۔ بی جے پی ملک میں اشتعال انگیزی اور نفرت کو فروغ دے رہی ہے۔ عوام میں ڈر و خوف پیدا کرتے ہوئے ملک کو فروخت کردینے کی سازش کی کی جارہی ہے۔ راہول گاندھی نے آج 25 کیلو میٹر تک پدیاترا کی اور متنگی میں کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی اور کے سی آر اپنے کارپوریٹ دوستوں اور ارکان خاندان کو ملک اور ریاست کا سرکاری اثاثہ حوالے کرتے ہوئے ملک اور ریاست کو لوٹ رہے ہیں۔ ملک میں نفرت اور اشتعال انگیزی کو فروغ دیتے ہوئے ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے لڑا رہے ہیں اس سازش میں آر ایس ایس کا اہم رول ہے۔ نفرت کو محبت میں تبدیل کرنے کیلئے انہوں نے بھارت جوڑو یاترا شروع کی ہے۔ جن ریاستوں سے وہ اور ان کی ٹیم گذر رہی ہے عوام ان کا بڑے پیار و محبت سے خیرمقدم کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا انہوں نے آج 25 کیلو میٹر تک پیدل چلے مگر انہیں تھکان اس لئے محسوس نہیں ہوئی کیونکہ عوام کے پیار و محبت سے انہیں تھکان ہی محسوس نہیں ہوئی بلکہ ان کے حوصلے مزید بلند ہوجاتے ہیں اور انہیں نئی طاقت ملتی ہے اور پھر وہ دوسرے دن چل پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پبلک سیکٹرس، بی ایچ ای ایل اور بی ڈی ایل کو خانگی شعبہ کے حوالے کردینے کا اشارہ دیتے ہوئے ملازمین کو ہراساں و پریشان کررہے ہیں۔ پبلک سیکٹرس ہندوستان میں معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن بی جے پی عوامی اثاثہ جات اپنے کارپوریٹ دوستوں کے حوالے کررہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ پبلک سیکٹرس حکمرانوں کی نہیں بلکہ عوام کی جاگیر ہے اور مرکزی حکومت کی ان سازشوں کے خلاف کانگریس پارٹی عوام اور ملازمین کیلئے جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ریاست میں نوجوانوں کو ان کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے ملازمتیں نہیں مل رہی ہیں، انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ مزدوری کررہے ہیں۔ کالا دھن واپس لانے کا ملک کے عوام سے وعدہ کرنے والے نریندر مودی نے نوٹ بندی کرتے ہوئے عوام کو پریشان کردیا۔ جی ایس ٹی کے نام پر چھوٹی و متوسط صنعتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ مرکز میں جو کام مودی کررہے ہیں تلنگانہ میں کے سی آر اس کی نقل کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں بہت بڑا اراضی اسکام چل رہا ہے۔ دھرانی پورٹل میں پہلے نمبر پر کے سی آر ہیں۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس مل کر کام کررہے ہیں۔ دہلی میں مودی کی کے سی آر مدد کررہے ہیں اور تلنگانہ میں کے سی آر کی مدد مودی کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ عوام میں پائے جانے والے ڈر و خوف کو دور کرنے کیلئے انہوں نے بھارت جوڑو یاترا شروع کی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کمیشن کی آمدنی کو اپنے ارکان خاندان میں بانٹ رہے ہیں۔ جمہوریت اور عوامی اثاثہ جات کا تحفظ کرنے کیلئے بھارت جوڑو یاترا مددگار و معاون ثابت ہورہی ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی ملک کے عوام میں جو خوف پیدا کررہے ہیں اس خوف کو دور کرنے اور فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کرنے کیلئے وہ پدیاترا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر دھرانی پورٹل دیکھتے ہوئے کس کی اراضیات چھین لی جائیں اس کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وہ تلنگانہ عوام سماج کے تمام طبقات کو بھروسہ دلاتے ہیں کہ انہیں کسی سے ڈرنے گھبرانے یا خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ عوامی مسائل، حق تلفی ، ظلم و زیادتی اور ناانصافیوں کے خلاف تلنگانہ میں کانگریس کے قائدین جدوجہد کریں گے اور ان کی آواز بن کر گرام پنچایت سے پارلیمنٹ تک مسائل کو اٹھائیں گے اور انہیں حل کر کرنے کیلئے حکومتوں پر دباؤ بنائیں گے۔ن