کے ٹی آر ، ایشیاء لیڈرس سیریز میٹنگ کیلئے مدعو

   

حیدرآباد : وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کو ایشیاء لیڈرس سیریز میٹنگ میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیاہے جو 4 اکٹوبر کو زیورچ میں منعقد ہوگی ۔ ایشیاء لیڈرس سیریز غیرجانبدار فورم ہے جہاں ایشیاء اور یوروپ کے بااثر قائدین کو کھلے مذاکرات و مباحث کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔ میٹنگ میں یوروپ اور ایشیاء کے نامور 100 سے زیادہ بزنس لیڈر کی شرکت متوقع ہے ۔ ایشیاء لیڈر سیریز کے بانی کالم فلیچر نے کے ٹی راما راؤ کو روانہ کردہ دعوت نامہ میں بتایا کہ اُن کامقصد اہم اور سرکردہ قائدین میں بامقصد مباحث کو یقینی بنانا ہے ۔ کے ٹی راما راؤ نے ایشیاء لیڈر سیریز میٹنگ میں شرکت کیلئے مدعو کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ عالمی قائدین کے لئے یہ ایک عظیم پلیٹ فارم ہوگا جہاں وہ مختلف موضوعات پر اپنے خیالات اور نظریات سے ایک دوسرے کو واقف کرواسکیں گے ۔ اہم قائدین میں سابق چیف آف برٹش انٹلیجنس سرویس سرجان اسکارلٹ بھی شامل ہیں۔