ٹی آر ایس رکن اسمبلی ڈورناکل ریڈیا نائک کا بیان ۔ عوامی تقریب میں خطاب
حیدرآباد: کیا آئندہ تین ماہ میں کے ٹی راما راؤ ریاست کے آئندہ چیف منسٹر بن جائیں گے؟ برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ایک رکن اسمبلی نے آج کہا کہ کے ٹی آر آئندہ مارچ تک ریاست کے چیف منسٹر بن جائیں گے۔ سابق وزیر ڈی ریڈیا نائک نے یہ بات کہی جو اسمبلی کے رکن ہیں۔ انہوں نے اپنے حلقہ اسمبلی ڈورناکل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر ریاست کے مستقبل کے چیف منسٹر ہے۔ کے ٹی آر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے فرزند ہیں اور کابینہ میں صنعت ، انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقیات کا قلمدان رکھتے ہیں۔ وہ پارٹی کے ورکنگ صدر بھی ہیں۔ پارٹی اور حکومت دونوں میں انہیں چیف منسٹر کے بعد دوسرا رتبہ حاصل ہے۔ ریاست کے سیاسی حلقوں میں کچھ وقت سے یہ قیاس آرائیاں زوروں پر ہیں کہ چندر شیکھر راؤ وزارت اعلیٰ کی ذمہ داری کے ٹی آر کے سپرد کردیں گے ۔ تاہم خود کے ٹی آر اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریزاں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ صحت مند اور فٹ ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کے بعد جب کے ٹی آر کو ٹی آر ایس کا ورکنگ صدر بنایا گیا تو یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں کہ کے سی آر چیف منسٹر کی ذمہ داری کے ٹی آر کو سونپ سکتے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ چندر شیکھر راؤ قومی سیاست پر توجہ کرنے ریاست کی ذمہ داری سے سبکدوش ہوں گے۔ تاہم بی جے پی سے مقابلہ کے لئے علاقائی جماعتوں پر مشتمل فیڈرل فرنٹ قائم کرنے کے سی آر کا منصوبہ ابھی تک آگے نہیں بڑھ سکا ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنی دوسری میعاد کے دو سال پورے کرلئے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اس ارادہ کا اعادہ کیا تھا کہ وہ تمام مخالف بی جے پی جماعتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لائیں گے۔