کے ٹی آر نے 2027 میں پدیاترا کرنے کا اعلان کیا

   

ریاست میں آئندہ بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی ، دہلی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت بی آر ایس کی ہی بنے گی اور کے سی آر ریاست کے دوبارہ چیف منسٹر بنیں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ 2027 میں ریاست بھر میں پدیاترا کریں گے ۔ آج دہلی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال ، کانگریس انتظامیہ کی ناکامیوں اور اپنے مستقبل کے سیاسی منصوبوں پر کھل کر تبصرہ کیا ۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس اپنی عوامی مقبولیت پوری طرح کھو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خود چیف منسٹر ریونت ریڈی بھی اس تلخ حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں کہ کانگریس دوبارہ اقتدار میں نہیں آئے گی ۔ کے ٹی آر نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں تین الگ الگ خانگی ایجنسیوں کے ذریعہ کئے گئے فیلڈ سروے کے نتائج سامنے آئے ہیں ۔ جن میں یہ واضح اشارہ ملا ہے کہ تلنگانہ کے عوام اگلی حکومت بی آر ایس کی دیکھنا چاہتے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت پر طنز کرتے ہوئے ایک مثال کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گھوڑے کی اصل قیمت گدھے کو دیکھنے کے بعد ہی معلوم ہوتی ہے اور روشنی کی قدر اندھیرے میں ہی سمجھ آتی ہے ۔ اس طرح آج تلنگانہ کے عوام کی پچھلی کے سی آر حکومت کی شاندار ترقی اور موجودہ ریونت ریڈی حکومت کی ناقص طرز حکمرانی کے درمیان فرق کو واضح طور پر محسوس کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس ہی کانگریس کی اصل متبادل ہے ۔ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ہے ۔ کے ٹی آر نے اپنے مستقبل کے سیاسی روڈ میاپ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ سال 2027 کے دوران پورے تلنگانہ میں ایک تاریخی پدیاترا شروع کریں گے ۔ جس کے ذریعہ وہ عوام کے درمیان پہونچکر کانگریس حکومت کی ناکامیوں اور وعدہ خلافیوں کو بے نقاب کریں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کے سی آر مناسب وقت پر عوام کے درمیان پہونچیں گے ۔۔ 2/a/b