کے ٹی آر کی قیادت میں ٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس

   

کورونا کی ویکسین۔ ادویات کی پیداوار بڑھانے فارما کمپنیوں کے نمائندوں سے اپیل
حیدرآباد : وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کے تمام شہریوں کو کورونا ویکسین دینے کی حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ اس کیلئے ٹیکہ تیار کرنے والی مقامی کمپنیوں کے علاوہ بیرونی ممالک کی کمپنیوں سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کے ٹی آر کی صدارت میں ٹاسک فورس کمیٹی کا پرگتی بھون میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریاست کی تازہ صورتحال، ادویات کی سربراہی ویکسین کے حصول کیلئے فارما کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے فارما کمپنی نمائندوں سے درخواست کی کہ وہ کورونا پر جلد قابو پانے ضرورت کے مطابق تمام ادویات کی پیداوار میں اضافہ کرے۔ اس کیلئے درکار تمام مدد و تعاون کا حکومت کی جانب سے یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے لڑی جانے والی جنگ میں کامیابی حاصل کرنے عوام کو جلد ٹیکہ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی جانب سے ویکسین تیار کرنے والی مقامی کمپنیوں بھارت بائیوٹیک، بائیولاجیکل، ای اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ ٹاسک فورس کمیٹی کے اجلاس میں فارما، بائیولاجیکل، ای بھارت بائیوٹیک، سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا، سنوفی انڈیا، ورچیوبائیوٹیک، کلانڈفارما، انڈین ایمونجیکل، ڈاکٹر ریڈیزلیاب کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ٹاسک فورس کمپنی کے ارکان محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری جیش رنجن، جی اے ڈی کے پرنسپل سکریٹری وکاس راج، محکمہ پنچایت راج کے پرنسپل سکریٹری سندیپ سلطانیہ، ڈیزاسٹر مینجمٹ اتھاریٹی کے کمشنر راہول بوجہ چیف منسٹر آفس سکریٹری راج شیکھر ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔