’’کے ٹی آر 20 سال بعد ہندوستان کے وزیر اعظم ‘‘

   

امریکہ میں مقیم خاتون صنعت کار کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) امریکہ میں مقیم خاتون صنعت کار آشا جڈیجہ موٹوانی نے تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے مستقبل میں وزیر اعظم بننے کی پیش قیاسی کی ہے۔ کے ٹی آر ان دنوں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے ڈاؤس میں ہیں۔ اس موقع پر مختلف صنعت کاروں سے ان کی ملاقات ہورہی ہے۔ امریکہ میں مقیم آشا جڈیجہ موٹوانی نے کے ٹی آر سے ملاقات کے بعد ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’ 20 سال بعد اگر کے ٹی آر ہندوستان کے وزیر اعظم بنتے ہیں تو اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں ہوگی۔ میں نے اس قدر نوجوان سیاستداں کو کبھی نہیں دیکھا ہے جو غیر معمولی دوراندیشی اور اظہار خیال میں مہارت رکھتے ہیں۔‘‘ انہوں نے لکھا کہ ڈاؤس میں تلنگانہ کی ٹیم سرگرم ہے انہوں نے مجھے سلیکان ویلی اسٹارٹ اَپ کے بارے میں واقف کرایا۔ توقع ہے کہ میں مستقبل میں کئی بلین ڈالر کے معاہدے کروں گی۔ کے ٹی راما راؤ نے خاتون صنعت کار کی نیک تمناؤں پر اظہار تشکر کیا۔ر