گجرات میں سخت کارروائی جاری
سوریندر نگر ۔ 3 مارچ (ایجنسیز)گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہریش سنگھوی نے کہا ہے کہ ریاست میں گاؤ کشی کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران 18 سے زائد ملزمان کو سات سال سے لے کر عمر قید تک کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس معاملے میں کسی بھی قسم کی نرمی اختیار نہیں کرے گی۔سوریندر نگر ضلع کے دودھریج دھام میں واقع شری وڈوالا مندر میں ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت سنبھالنے کے فوراً بعد انہوں نے گاؤ ماتا کے تحفظ کا عزم کیا تھا اور اسی عزم کے ساتھ ریاستی حکومت کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گاؤ کشی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور عدالتوں کے ذریعے سخت سزائیں دلائی جا رہی ہیں۔ ریاست میں نافذ گاؤ رکشا قانون پر پوری سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔تقریب کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے دودھریج دھام کی ترقی کے لیے مزید مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں مجموعی طور پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کے ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے۔ اس سے قبل 4 کروڑ 50 لاکھ روپے منظور کیے جا چکے تھے جبکہ مزید 2 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔