گانجہ منتقلی کا بڑا ریاکٹ بے نقاببین ریاستی ٹولی کے چھ ارکان گرفتار، اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی

   

حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر اور عطا پور پولیس نے گانجہ منتقلی کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک بین ریاستی ٹولی کے 6 ارکان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 110 کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ گانجہ بہرام پور سے شہر منتقل کیا جارہا تھا۔ اڈیشہ کے بہرام پور سے مہاراشٹرا کے بیڑ ضلع کو براہ حیدرآباد منتقل کئے جانے والے اس گانجہ کو خفیہ اطلاع پر کارروائی کے بعد بے نقاب کردیا گیا اور 36 سالہ وجئے آسرام گھوراپڈے ساکن جالنہ ، 26 سالہ پردیپ سرجیو ننڈے ساکن بیڑ، 47 سالہ سیتر نارائنا شنکر راؤ جگے ساکن جالنہ، 36 سالہ ساویترا ستیہ نارائنا جگے ساکن جالنہ، 23 سالہ جیہ سولنکی ساکن بیڑ اور 19 سالہ کرنال دارا راؤ ننڈے ساکن بیڑ کو گرفتار کرلیا جبکہ بہرام پور سے تعلق رکھنے والا کرنال ڈورا پربھنی سے تعلق رکھنے والا یادا اوسکر اور بیڑ کا پردیپ سالوے مفرور بتائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس راجندر نگر زون جگدیشور ریڈی نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ گانجہ کے خلاف جاری مسلسل جدوجہد اور چوکسی کے سبب ایسی کارروائیاں ممکن ہورہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد کمشنریٹ حدود میں ممنوعہ گانجہ کے خلاف پولیس سختی سے اقدامات کررہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ چند عرصہ سے اڈیشہ کے کرنال ردرا اور جالنہ کے وجئے آسرام ممنوعہ گانجہ کا کاروبار کررہے ہیں۔ ایجنسی علاقہ سے گانجہ خریدنے کے بعد مہاراشٹرا منتقل کیا جارہا تھا۔ منصوبہ کے مطابق گرفتار افراد نے 18 جولائی کو شہر سے اڈیشہ بہرام پور کا رُخ کیا اور دو کیلو فی کس گانجہ کے 55 پیاکٹس کو تیار کرتے ہوئے براہ حیدرآباد منتقل کیا جارہا تھا۔ سخت چوکسی کے سبب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او ٹی راجندر نگر زون اور عطا پور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چنتل میٹ علاقہ سے انہیں گرفتار کرلیا جو5500 روپئے فی کیلو گانجہ بہرام پور سے خرید کر 25 ہزار روپئے فی کیلو فروخت کررہے تھے۔ع