وہ بھی ہاسٹل میں رہ کر تعلیم حاصل کرچکے ہیں ، مسائل سے واقف ہیں ، باسرا ٹریپل آئی ٹی کے طلبہ سے خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ وہ بھی ہاسٹل میں رہ کر تعلیم حاصل کرچکے ہیں ۔ مسائل کو حکومت تک پہونچانے کے لیے باسرا ٹریپل آئی ٹی کے طلبہ نے احتجاج کا جو راستہ اپنایا تھا وہ قابل ستائش ہے جس سے وہ بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ ہاسٹل میس کا کھانا ٹھیک نہ ہونے کے علاوہ دوسرے مسائل پر طلبہ نے پرامن احتجاج کیا تھا جس سے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی تھی جس پر گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے احتجاجی طلبہ کی مکمل تائید و حمایت کی تھی ۔ طلبہ کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے کے ٹی آر نے آج وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی کے ساتھ باسرا ٹریپل آئی ٹی پہونچے اور طلبہ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ساتھ ہی طلبہ کے ساتھ کھانا بھی کھایا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مسائل پر طلبہ نے سیاست سے بالاتر ہو کر احتجاج کیا اور اپنے مسائل کو بہتر انداز میں حکومت سے رجوع کیا ۔ میس میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ہر دن طلبہ کو بہتر سے بہتر کھانا کھلانے کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ مسائل کی یکسوئی کے لیے یہاں ایسے مسائل ہیں جس سے انہیں انکار بھی نہیں ہے ۔ طلبہ کے مطالبات جائز ہیں وہ اس سے اتفاق کرتے ہیں مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ کوشش کرے گی ۔ وہ دو ماہ بعد وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے ساتھ نومبر میں ٹریپل آئی ٹی باسرا کا دورہ کریں گے اور تمام طلبہ میں لیاپ ٹیابس تقسیم کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کا نیچے زمین پر بیٹھنا مجھے پسند نہیں آیا یا تو سب نیچے بیٹھیں یا سب کرسیوں پر بیٹھیں ، نومبر میں ان کے دورے سے قبل سب کے لیے کرسیوں کا انتظام کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان کی 70 فیصد زندگی ہاسٹل میں گذری ہے ۔ ہاسٹل کے مسائل کیا ہوتے ہیں وہ بہت اچھی طرح جانتے ہیں ۔ مسائل کو سمجھ کر حل کرنے تک تھوڑا وقت ضرور لگے گا ۔ طلبہ کو معیاری غذا فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ آئی ٹی اور محکمہ تعلیم کی جانب سے مشترکہ طور پر انویشن لیاب قائم کرنے 3 کروڑ روپئے کے مصارف سے منی اسٹیڈیم 6 تا 8 ماہ میں تعمیر کرنے ڈیجیٹل لیاب قائم کرنے مزید 50 کلاس رومس تعمیر کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کا تعلیمی ادارہ ہے اس کی حفاظت کرنا اور کیمپس کو صاف ستھرا رکھنا طلبہ کی ذمہ داری ہے ۔۔ ن