گاندھی بھون اور اضلاع کے دفاتر کو کورونا کیئر سنٹر س میں تبدیل کیا جائے

   

وی ہنمنت راؤ کی تجویز، مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کی مدد کا مشورہ

حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کے پیش نظر حیدرآباد اور اضلاع میں پارٹی دفاتر کو کورونا کیر سنٹرس میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ہنمنت راؤ نے اس سلسلہ میں جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا مریضوں کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ایسے وقت میں کانگریس پارٹی کو غریب اور مستحق مریضوں کی مدد کیلئے میدان میں آنا ہوگا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے ملک بھر کے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو کورونا کے مریضوں کی مدد کا مشورہ دیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں اب 2023 تک کوئی انتخابات نہیں ہیں اور موجودہ حالات میں کانگریس پارٹی قائدین کو کورونا مریضوں کے علاج اور ان کی بہتر نگہداشت پر توجہ مبذول کرتے ہوئے عوام کے دلوں میں جگہ بنانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں واقع کانگریس کے ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون اور آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر اندرا بھون کے علاوہ تمام اضلاع میں ضلع کانگریس کمیٹی کے دفاتر کو کورونا کیئر سنٹرس میں تبدیل کرنے کیلئے حکومت کو مکتوب روانہ یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جگہ کی فراہمی کانگریس کی پیشکش ہونی چاہیئے جبکہ بستروں اور دیگر ضروریات کا انتظام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کانگریس پارٹی کو پہل کرنی چاہیئے تاکہ مریضوں کی زندگی بچائی جاسکے ۔ اس طرح کے اقدامات سے کانگریس کے بارے میں عوام میں بہتر پیام جائے گا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کورونا پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ تلنگانہ میں مریضوں کیلئے آئسولیشن اور کیئر سنٹرس کی کمی ہے۔ ایسے میں کانگریس پارٹی حکومت کو کیئر سنٹرس کے قیام کیلئے جگہ کی پیشکش کرسکتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے اس سلسلہ میں ہائی کمان سے درخواست کی کہ پردیش کانگریس کو ہدایات جاری کریں۔