گاندھی بھون میں سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کو کانگریس کا خراج

   

بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد، صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو ان کی برسی کے موقع پر خراج پیش کیا۔ گاندھی بھون میں اس سلسلہ میں مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی کے دیگر قائدین کے ہمراہ راجیو گاندھی کے پوٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور ملک کیلئے ان کی خدمات کی یاد تازہ کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کیلئے راجیو گاندھی کی مساعی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب راجیو گاندھی نے دیکھا تھا ۔ دنیا بھر میں ہندوستان کو ایک طاقتور اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر پیش کرنے کیلئے سابق وزیراعظم نے غیر معمولی مساعی کی۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے راجیو گاندھی نے نہ صرف مساعی کی بلکہ ملک کی یکتا اور سالمیت کیلئے اپنی جان نچھاور کردی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو 18 سال کی عمر میں رائے دہی کا حق دیتے ہوئے نوجوانوں کی عملی سیاست میں حوصلہ افزائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار کے علاوہ خود روزگار اسکیمات سے مربوط کر رہی ہے۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے راجیو گاندھی کی 34 ویں برسی کے موقع پر بلڈ ڈونیشن اور دیگر پروگرام منعقد کئے گئے۔ مہیش کمار گوڑ کے علاوہ سابق وزیر کے جانا ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ ، ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر ، بی ایلیا ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، اسپورٹس اتھاریٹی کے صدرنشین شیوا سینا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے خون کا عطیہ دینے والے کارکنوں کو سرٹیفکٹ عطا کئے۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع میں بھی پروگرامس منعقد کئے گئے۔1