گاندھی بھون میں پدا پلی کانگریس کارکنوں کی بھوک ہڑتال

   

غیر مقامی شخص کو ٹکٹ دینے پر احتجاج، ہائی کمان نے احتجاجی قائد کو دہلی طلب کرلیا
حیدرآباد ۔ 18۔ مارچ (سیاست نیوز) پدا پلی لوک سبھا حلقہ سے غیر مقامی کانگریسی قائد اے چندر شیکھر کو ٹکٹ دیئے جانے کے خلاف مقامی کانگریس کارکنوں نے آج گاندھی بھون کے روبرو دھرنا منظم کیا اور بھوک ہڑتال کا آغاز کیا۔ یوتھ کانگریس کے قومی سکریٹری ای ورا پرساد کی قیادت میں پدا پلی کے کارکنوں نے چندر شیکھر کے خلاف نعرہ بازی کی اور ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ مقامی شخص کو ٹکٹ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہائی کمان اپنے فیصلہ کو تبدیل نہیں کرے گا تو وہ پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے ۔ ورا پرساد جو پارٹی میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، خود ہی پدا پلی لوک سبھا حلقہ کے دعویدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پردیش الیکشن کمیٹی نے تین ناموں کی سفارش کی ہے جس میں ان کا نام بھی شامل ہے لیکن ہائی کمان نے سفارش کردہ ناموں کو چھوڑ کر غیر مقامی شخص اے چندر شیکھر کو امیدوار بنادیا۔ احتجاج کے دوران اے آئی سی سی کے سکریٹری انچارج تلنگانہ سرینواسن کرشنن نے ورا پرساد کو نئی دہلی سے فون کیا اور انہیں فوری دہلی آنے کی ہدایت دی ۔ اسی دوران پردیش کانگریس تادیبی کمیٹی کے صدرنشین کودنڈا ریڈی ، کوآرڈنیشن کمیٹی کے رکن ڈی ونئے کمار ، پی سی سی قائدین کمار ورما اور نرنجن نے شربت پلاکر ورا پرساد کی بھوک ہڑتال کو ختم کیا، جس کے بعد وہ نئی دہلی کیلئے روانہ ہوگئے ۔