گاہکوں کیلئے یو پی آئی ادائیگیاں مفت رہیں گی

,

   

تاجروں پر ایک حد تک ای ڈی آر کی گنجائش ‘ مرکز کی وضاحت
نئی دہلی، 8 اگست (یواین آئی) حکومت نے واضح کیا کہ پیمنٹ اینڈ سیٹلمنٹ سسٹم ایکٹ میں ترمیم کے باوجود یو پی آئی صارفین سے کسی لین دین پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی ۔ حکومت نے کہا کہ یو پی آئی کو طویل مدت تک خود کفیل رکھنے مناسب ریونیو ماڈل ضروری ہے ۔ وزارت خزانہ نے کہا کہ دو افراد کے درمیان (پی ٹو پی) یو پی آئی لین دین پہلے کی طرح مفت رہے گا، جبکہ تاجروں کے زیادہ تر لین دین پر بھی کوئی فیس نہیں ہوگی۔وزارت کے مطابق اگر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ نافذ کیا جاتا ہے تو یہ ایک مقررہ حد سے زیادہ رقم والے محدود تجارتی لین دین پر لاگو ہوگا اور اس کی شرح ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ایم ڈی آر کے مقابلے میں کافی کم ہوگی۔ وزارت نے واضح کیا کہ ٹیکسیشن اینڈ دیگر لاز (ترمیمی) بل 2026 کے ذریعے پیمنٹ اینڈ سیٹلمنٹ سسٹم ایکٹ 2007 کی دفعہ 10 اے میں ترمیم کی تجویز ہے ۔ بل کی منظوری کے بعد ایم ڈی آر نافذ کرنے یا نہ کرنے اور اس کے طریقہ کار کا فیصلہ این پی سی آئی کی سربراہی والی یو پی آئی اور سروس آپریشنز کمیٹی کرے گی۔ لوک سبھا میں بل منظور ہو چکا ہے جبکہ راجیہ سبھا سے منظوری باقی ہے ۔حکومت نے کہا کہ یو پی آئی پر فیس عائد کرنے کی قیاس آرائیاں غلط اور گمراہ کن ہیں۔حکومت یو پی آئی کو شہریوں کیلئے مفت رکھنے اور مزید مضبوط، جامع اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنانے پرعزم ہے ۔